ٹرپل ایچ: دوست یا آستین کا سانپ؟

شائع September 24, 2016
ہتھوڑے کا وار ٹرپل ایچ کا سب سے مہلک داؤ یے— فوٹو بشکریہ فیس بک
ہتھوڑے کا وار ٹرپل ایچ کا سب سے مہلک داؤ یے— فوٹو بشکریہ فیس بک

ایک مشہور شہر کا مصرع ہے 'جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے'۔

شاید اسی لیے ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کے شائقین اور اسے پسند کرنے والے اکثر یہ سوال کرتے ہیں کہ آخر ایسی کیا بات ہے کہ ٹرپل ایچ پر ان کا کوئی دوست بھی بھروسہ نہیں کرتا؟

تو جناب، اس کا سیدھا سا جواب یہ ہے کہ ٹرپل ایچ یاروں کے یار نہیں بلکہ پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے استاد ہیں اور ایسا انہوں نے ایک بار نہیں بلکہ بار بار کیا ہے، بلکہ بعض لوگ تو انھیں 'آستین کا سانپ' بھی کہتے ہیں۔

ٹرپل ایچ نے ایسا ہی کچھ گذشتہ ماہ 29 اگست کو ریسلنگ کے مقابلے فیٹل فور وے الیمنیشن میں سیٹھ رولنز کے ساتھ کیا، جو ان کے دھوکے میں آگئے۔ ہوا کچھ یوں کہ رومن رینز اپنے بقیہ دونوں حریفوں پر حاوی تھے کہ ٹرپل ایچ بڑے عرصے کے بعد اچانک آ ٹپکے اور انہوں نے پرانی دشمنی کے بدلے کی آڑ میں پہلے رومن رینز اور پھر سیٹھ رولنز کو داؤ لگا کر کیون اوئنز کو ٹائٹل جتوا دیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کے سی ای او اور 14 بار ورلڈ چیمپیئن رہنے والے ٹرپل ایچ کو 'آستین کا سانپ' کہنے کا مقصد ان کے پرستاروں کو کوئی رنج پہنچانا ہرگز نہیں۔

درحقیقت انہوں نے 1995 سے لے کر اب تک اپنے دوستوں سے جو غداریاں کی ہیں وہی ان کی پہچان بن گئی۔ اگر یقین نہ آئے تو ماضی کی مثالیں موجود ہیں۔

اسٹیو آسٹن کے ساتھ دغا بازی

ٹرپل ایچ اور اسٹیو آسٹن کئی بار ریسلنگ مقابلوں میں ایک ساتھ رِنگ میں اترے، خصوصاؑ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن شپ 'نو مرسی 99' میں ان کی جوڑی جاندار رہی۔

1999 میں اسٹیو آسٹن کو ایک حادثے کے نتیجے میں کافی چوٹیں لگیں اور انھیں گردن کی سرجری کے لیے 9 ماہ تک رِنگ سے باہر رہنا پڑا۔ جب وہ واپس آئے تو ٹرپل ایچ نے پانسہ پلٹ دیا اور اپنے پرانے ساتھی سے لڑنے کو تیار ہوگئے۔

'سروائیور سیریز' کے ایک مقابلے میں دونوں آمنے سامنے ہوئے اور یہ جھگڑا پھر بھی جاری رہا۔ 2001 کے ہیل میچ کے 3 مراحل میں ٹرپل ایچ نے اسٹیو آسٹن کو دھول چٹادی۔ بعد میں دونوں ریسلرز نے اختلافات ختم کرکے صلح کرلی مگر اسٹیو آسٹن کبھی بھی ٹرپل ایچ کی دغا بازی نہیں بھولے۔

رینڈی اورٹن کو دشمن بنایا

ٹرپل ایچ نے دوست بنا کر رینڈی اورٹن سے بھی دغا کیا— فوٹو بشکریہ فیس بک
ٹرپل ایچ نے دوست بنا کر رینڈی اورٹن سے بھی دغا کیا— فوٹو بشکریہ فیس بک

سال 2002 سے 2004 تک رک فلیئر، ٹرپل ایچ اور باٹسٹا پر مشتمل گروپ سب سے تگڑا مانا جاتا تھا۔ جنوری 2003 میں رینڈی اورٹن کو بھی اُسی رینک میں شامل کرلیا گیا۔

اس دوران ٹرپل ایچ نے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن کا اعزاز پانے کے لیے راہ میں آنے والے سخت حریفوں شان مائیکلز اور مک فولی کو شکست سے دوچار کیا، جبکہ دوسری جانب 24 سالہ رینڈی اورٹن نے سمر سلیم مقابلے میں کرس بینوئٹ کو ہرا کر سب سے کم عمر ترین ہیوی ویٹ چیمپیئن کا ٹائٹل جیتا۔

رینڈی اورٹن اپنی تاریخ ساز فتح کا خوب جشن منا رہے تھے کہ ٹرپل ایچ سے اپنے دوست کی یہ خوشی ہضم نہ ہوئی اور اچانک وہ دوست سے خونخوار دشمن بن گئے۔ انہوں نے رینڈی اورٹن سے بیلٹ واپس کرنے کا مطالبہ کر ڈالا لیکن اورٹن نے صاف جواب دے دیا۔

دو طرفہ مقابلے میں ٹرپل ایچ کے خلاف رینڈی اورٹن اپنے بیلٹ کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ یوں سال 2005 تک دونوں ایک دوسرے کے سخت ترین حریف رہے۔ دو طرفہ مقابلوں میں مجموعی طور پر ٹرپل ایچ نے 10 اور رینڈی اورٹن نے 9 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔

رک فلیئر کی پیٹھ میں چھرا گھونپا

رک فلیئر کو ڈبلیو ڈبلیو ای میں آنے کے بعد جب ایوولیوشن میں بطور فادر فگر جگہ دی گئی تو ان کی ٹرپل ایچ سے اچھی خاصی دوستی ہوگئی لیکن باٹسٹا کے ہاتھوں شکست کے بعد کچھ دنوں کے لیے دوںوں کا ساتھ تعطل کا شکار ہوا۔

بعد ازاں رک فلیئر اور ٹرپل ایچ نے 'را' کے ایک مقابلے میں ساتھ مل کر کرس ماسٹرز اور کارلیٹو کو دھو ڈالا۔ اس فتح کو ابھی کچھ گھنٹے ہی گزرے تھے کہ ٹرپل ایچ کا اصل چہرا سامنے آگیا اور انہوں نے رک فلیئر پر اپنا ٹریڈ مارک داؤ 'ہتھوڑے' سے حملہ کردیا۔

رک فلیئر اپنے ساتھی کے اچانک اور غیر متوقع اٹیک کا موثر جواب نہ دے پائے اور خون میں لت پت ہوگئے اور یہیں سے ٹرپل ایچ نے رک فلیئر کے خلاف دشمنی کا بیج بویا۔ رک فلیئر کریئر کے آخری چند سالوں میں ایک بار سروائیور سیریز 05 کے لاسٹ مین اسٹینڈنگ میچ میں ٹرپل ایچ کے ہاتھوں ناکامی سے دوچار ہوئے۔

شان مائیکلز کے بھی دوست نہ رہے

شان مائیکلز اور ٹرپل ایچ کی دوستی دشمنی میں بدل گئی— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
شان مائیکلز اور ٹرپل ایچ کی دوستی دشمنی میں بدل گئی— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

سال 2002 میں ٹرپل ایچ کا سب سے گھناؤنا روپ سامنے آیا جب انہوں نے اپنے دوست کے ارمانوں کا خون کر کے ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کے شائقین کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔

ٹرپل ایچ اور شان مائیکلز کا یارانہ کافی سال پرانا تھا۔ دونوں نے مل کر ڈی جنریشن ایکس بنایا۔ شان مائیکل نے انجری سے نجات پانے کے بعد 2002 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں کم بیک کیا تھا۔ وہ خواہشمند تھے کہ ان کی لمبے عرصے بعد ڈی جنریشن ایکس میں دوبارہ ٹرپل ایچ کے ساتھ واپسی ہوگی اور سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں پہ رکا تھا۔

شان مائیکلز کو شدید جھٹکا اُس وقت لگا جب انہیں معلوم ہوا کہ ٹرپل ایچ تو 'را' میں چلے گئے ہیں۔ اُسی سال جولائی میں ٹرپل ایچ نے شان مائیکلز کے ساتھ اپنی جوڑی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ان سے جھگڑا کیا اور شان مائیکلز کا چہرا ایک کار کی کھڑکی پر دے مارا۔ حملے کے بعد شان مائیکلز کو میڈیکل اسٹاف کی مدد سے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوست سے جانی دشمن بننے کے بعد شان مائیکلز کا ٹرپل ایچ کے ساتھ بیڈ بلڈ 04 ایونٹ کے دوران ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے سب سے طویل 'ہیل ان اے سیل' میچ میں مقابلہ ہوا، جس میں بدقسمتی سے شان مائیکلز کو پرانے دوست کے ہاتھوں شکست ملی۔

دونوں کے درمیان اختلافات اور دیرینہ دشمنی 2006 تک برقرار رہی، کچھ ماہ بعد شان مائیکلز اور ٹرپل ایچ کریئر میں آخری بار ایک ساتھ رِنگ میں اترے لیکن دوستی میں وہ دم خم نہ رہا، شاید اسی وجہ سے دونوں ریسلرز کو مخالف جوڑی بگ شو اور دی مز کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

تبصرے (3) بند ہیں

saad Sep 24, 2016 06:08pm
v. good story Tripple H ne doston kay sath acha nae kiya
essa shah Sep 25, 2016 12:03pm
sorry i am a huge fan of triple h but aap k is blog ko parh kar mai kafi hurt howa hon wwe history mai kai baar aesa howa hai brother of destruction johncena or rendy ortan etc bhi aesa kai baar kar chukay hain &your words is not suitable for star
essa shah Sep 25, 2016 12:07pm
@saad no he is star & these words are not suitable

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025