• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
شائع October 1, 2016

ہمیں شہر کی بے ہنگم زندگی کے نہ رکنے والے دائرے سے نکلنا تھا اور خود کو کہیں دور ان وادیوں میں لے جانا تھا جن کا صرف نام ہی ہم نے سن رکھا تھا، تو قرعہ فیری میڈوز کے نام کا نکلا۔

ہم تین دوستوں نے سامان سفر باندھا اور کراچی سے بذریعہ ٹرین راولپنڈی کی راہ لی۔ پنڈی کے مشہور بس اڈے پیر ودھائی سے چلاس جانے والی بس پکڑی اور 20 گھنٹے کے اس سفر پر چل نکلے جس کا ذکر بچپن کی کہانیوں میں ہی سنا تھا۔

کالے پہاڑوں میں بہتا سونا

رات کا سفر تھا، دنیا کے آٹھویں عجوبے شاہراہ قراقرم کے ترچھے کناروں پر بھاگتی بس کی کھڑکی سے نظر نیچے بہتے دریائے سندھ پر پڑتی تو دل دھڑکنا بھول جاتا۔ چاند کی چاندنی جب اس کے پانیوں پر پڑتی تو ایسا لگتا کہ کالے پہاڑوں میں سونا بہہ رہا ہے۔

کچھ ہی دیر میں بادلوں نے پورے علاقے کو گھیر لیا جس کا انجام تیز بارش کی صورت میں ہوا۔ کمال پھرتی سے بس بھگاتے ڈرائیور کی مہارت پر اعتبار کرتے ہوئے میں پھر سے دریائے سندھ کے جادوئی مناظر ڈھونڈنے لگا۔

ایبٹ آباد سے ہوتے ہوئے مانسہرہ اور پھر کوہستان کے ضلع شانگلہ اور تحصیل داسو سے ہوتے ہوئے ہم چلاس سے آگے رائے کوٹ پل پہنچے جسے فیری میڈوز کا دروازہ کہا جاتا ہے۔

فیری میڈوز کی سڑک

رائے کوٹ پل سے شاہراہ قراقرم کو خیرباد کہتے ہوئے بذریعہ جیپ اوپر کالے پہاڑوں کی جانب بڑھتا ہے اور پھر شروع ہوئے زندگی کے وہ پنتالیس منٹ جو شاید پنتالیس سال تک بھی نہ بھولے جا سکیں گے۔ انسانی ہاتھوں سے بنا ایک ایسا رستہ جس پر جیپ کے علاوہ کوئی اور گاڑی نہیں چل سکتی اور اس راستے کو دنیا کا دوسرا خطرناک ترین جیپ ٹریک کہا جاتا ہے۔

فیری میڈوز جانے والا راستہ، جسے دنیا کا دوسرا خطرناک ترین جیپ ٹریک بھی کہا جاتا ہے — تصویر احسن سعید
فیری میڈوز جانے والا راستہ، جسے دنیا کا دوسرا خطرناک ترین جیپ ٹریک بھی کہا جاتا ہے — تصویر احسن سعید

آگے سے آنے والی جیپ کو راستہ دینے کے لیے باقی گاڑیاں کھڑی ہیں — تصویر احسن سعید
آگے سے آنے والی جیپ کو راستہ دینے کے لیے باقی گاڑیاں کھڑی ہیں — تصویر احسن سعید

12 کلومیٹر لمبا ایک ایسا تنگ راستہ جس کے ایک طرف نوکیلے منہ نکالے پہاڑیاں اور دوسری طرف اژدھے جیسا منہ کھولے گہری کھائیاں، اس راستے پر سے ایک وقت میں ایک گاڑی گزر سکتی ہے، یہاں ہر سال ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں، ہر موڑ مڑتے کلیجہ منہ کو آتا ہے۔ اس راستے پر جیپ چلانا بھی عام ڈرائیور کے بس کا کام نہیں، یہ کام وہاں کے رہنے والے ماہر ڈرائیور ہی بخوبی انجام دے سکتے ہیں۔

رائے کوٹ پل سے فیری میڈوز جاتے ہوئے پہلا اسٹاپ تتو نامی گاؤں کا آتا ہے، جہاں بہتے چشمے سے پانی پینے کے بعد جب پہلی بار نانگا پربت پر نظر پڑتی ہے تو آنکھیں پلکیں جھپکنا بھول جاتی ہیں۔

پہاڑوں پر بل کھاتا راستہ جس پر صرف جیپ چل سکتی ہے — تصویر احسن سعید
پہاڑوں پر بل کھاتا راستہ جس پر صرف جیپ چل سکتی ہے — تصویر احسن سعید

تتو گاؤں میں واقع بچوں کا پرائمری سکول — تصویر احسن سعید
تتو گاؤں میں واقع بچوں کا پرائمری سکول — تصویر احسن سعید

فیری میڈوز کا گاؤں — تصویر احسن سعید
فیری میڈوز کا گاؤں — تصویر احسن سعید

اس کے بعد ہم مزید جوش کے ساتھ فیری میڈوز کی طرف پیدل روانہ ہوئے، اب ہمیں پانچ کلومیٹر اوپر کی طرف چلنا تھا جس میں ہمیں پانچ گھنٹے لگے، حالانکہ ہم آرام سے کسی خچر والے خرچہ دے کر ایک دو گھنٹے میں پہنچ سکتے تھے۔

سبز چادر اور قاتل پہاڑ

جب پہلا قدم فیری میڈوز میں رکھا تو ٹانگیں بے جان تھیں اور ہم سطح سمندر سے 10 ہزار 8 سو فٹ بلندی پر تھے۔ کہتے ہیں نا کہ کچھ پانے کے لیے کچھ کھونا پڑتا ہے، سو ہم نے بھی ذہن اور دل کا سکون پانے کے لیے جسم کا سکون کھویا تھا۔

وہاں کا نظارہ دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ کالے پہاڑوں پر اچانک سے ایک سبز چادر بچھا دی گئی ہے، جس پر جگہ جگہ چشمے بہا دیے گئے ہیں، ان چشموں کے کنارے کئی اقسام کے پھل اگا دیے گئے ہیں۔

فیری میڈوزکالے پہاڑوں پر بچھی ایک سبز چادر ہے — تصویر احسن سعید
فیری میڈوزکالے پہاڑوں پر بچھی ایک سبز چادر ہے — تصویر احسن سعید

فیری میڈوز گاؤں سےآگے نانگا پربت کی طرف واقع ایک چھوٹا سا گلیشیر — تصویر احسن سعید
فیری میڈوز گاؤں سےآگے نانگا پربت کی طرف واقع ایک چھوٹا سا گلیشیر — تصویر احسن سعید

جگہ جگہ میٹھے پانی کے چشمے اور درختوں کی کٹائی — تصویر احسن سعید
جگہ جگہ میٹھے پانی کے چشمے اور درختوں کی کٹائی — تصویر احسن سعید

اس سبزے پر بھاگتے گھوڑے ان مناظر میں ایک نئی جان ڈال دیتے ہیں، اور برف سے اٹا بادلوں سے گھرا نانگا پربت بار بار اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ فیری میڈوز پہلی نظر کا پہلا پیار ہے، اور وہاں سے نظر آتا پاکستان کا دوسرا اور دنیا کا نواں سب سے بڑا پہاڑ نانگا پربت جس کی ہیبت کو بیان کرنا لفظوں کا کام نہیں۔ حد نظر ختم ہوجاتی ہے، یہ پہاڑ ختم نہیں ہوتا۔

فیری میڈوز میں پانچ سے چھ ہوٹل ہیں جہاں اپریل سے ستمبر تک رش لگا رہتا ہے، زیادہ تر لوگ ٹرپ آرگنائزرز کے ساتھ آتے ہیں جبکہ باقی اپنے بل بوتے پر بھی پہنچے ہوتے ہیں۔ نسبتاً قریب ہونے کی وجہ سے اسلام آباد اور لاہور کے رہنے والے زیادہ نظر آتے ہیں جبکہ کراچی سے وہاں پہنچنے والوں کو حیرانی اور خوشی کے ملے جلے تاثرات سے دیکھا جاتا ہے۔

تمام مکانات لکڑی سے تعمیر کیے گئے  ہیں — تصویر احسن سعید
تمام مکانات لکڑی سے تعمیر کیے گئے ہیں — تصویر احسن سعید

فیری میڈوز گاؤں کا ایک منظر — تصویر احسن سعید
فیری میڈوز گاؤں کا ایک منظر — تصویر احسن سعید

فیری میڈوزکالے پہاڑوں پر بچھی ایک سبز چادر ہے — تصویر احسن سعید
فیری میڈوزکالے پہاڑوں پر بچھی ایک سبز چادر ہے — تصویر احسن سعید

مقامی افراد لیڈو کھیلنے میں مصروف ہیں — تصویر احسن سعید
مقامی افراد لیڈو کھیلنے میں مصروف ہیں — تصویر احسن سعید

دن کے وقت لوگ آگے بیال کیمپ کی طرف ٹریک کرتے ہیں یا گاؤں اور قریب میں واقع دو چھوٹی جھیلیں دیکھنے نکل جاتے ہیں۔ گاؤں ایک بڑے کرکٹ گراؤنڈ کی طرح ہے جس کے اطراف لکڑی کے الف لیلوی گھر بنے ہوئے ہیں جن کے باہر کھیلتے بچے وہاں آئے سیاحوں کے کیمروں کا مرکز بنے ہوتے ہیں، خواتین پردہ کرتی ہیں اور بعض اوقات سیاحوں کو گھروں کی تصاویر لینے سے روک دیا جاتا ہے۔ موبائل کے سگنلز ایک مخصوص پوائنٹ پر ہی آتے ہیں اس لیے آپ زیادہ تر دنیا سے کٹے اور خود سے جڑے رہتے ہیں۔

میں گاؤں کی طرف نکلا تو دیکھا کہ بڑے بوڑھے ملکی سیاست اور ہلچل سے بے نیاز ایک چشمے کے کنارے گھاس پر بیٹھے لڈو کھیلنے میں مصروف تھے، لڑکے اپنے گھوڑوں اور خچروں کی دیکھ بھال میں لگے ہوئے تھے اور خواتین اپنے بچوں کے پیچھے بھاگتی نظر آئیں، زندگی کا یہ تصور ہی آپ کو سکون دینے کے لیے کافی ہوتا ہے لیکن یہاں تو یہی زندگی تھی۔

بادلوں میں گھرا نانگا پربت — تصویر احسن سعید
بادلوں میں گھرا نانگا پربت — تصویر احسن سعید

سیاح بیال کیمپ جانے کی تیاری میں ہیں — تصویر احسن سعید
سیاح بیال کیمپ جانے کی تیاری میں ہیں — تصویر احسن سعید

سٹرابری کا پھل جو فیری میڈوز میں جگہ جگہ نظر آتا ہے — تصویر احسن سعید
سٹرابری کا پھل جو فیری میڈوز میں جگہ جگہ نظر آتا ہے — تصویر احسن سعید

رات کو ہر ہوٹل کے باہر آگ کا الاؤ جلا کر محفلیں سجائی جاتی ہیں جس میں وہاں کے لوگ سیاحوں کو نانگا پربت سے جڑے پراسرار قصے کہانیاں سناتے ہیں کہ کیسے چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی دشمنی نانگا پربت سے تب سے چلی آرہی ہے جب سے ان کے خاندان کا پہلا فرد اس قاتل پہاڑ سے واپس نہ لوٹا تھا، تو اب اس خاندان کے افراد تب تک اس پہاڑ کو نہیں چھوڑیں گے جب تک اسے سر نہیں کر لیتے۔

ایک اور فرد کے مطابق نانگا پربت سے بہہ کر آنے والے دریا میں ان کوہ پیماؤں کی بہت سی ذاتی چیزیں بہہ کر آتی رہتی ہیں جو وہیں رہ گئے۔

جنگل، میٹھے چشمے، پھل، بارش، ٹھندی ہوائیں اور لکڑی کے گھراور بہت سے خالی جھونپڑہ نما گھر بھی آپ کو آگے کہیں نظر آئیں گے جن میں انسانوں کا نام و نشاں بھی نہیں۔ گائیڈ سے پوچھا تو پتہ چلا کہ ضروری نہیں کہ ان گھروں میں صرف انسان ہی بستے ہوں۔ یہ جاننا ہی ہمارے رونگٹے کھڑے کرنے کے لیے کافی تھا۔ ویسے بھی ہمارا گائیڈ ہمیں ایک بار انتباہ کر چکا تھا کہ اس پر بھی مغرب کے بعد جن طاری ہوجاتے ہیں۔

مسائل پر اک نظر

اگر ہم فیری میڈوز اور وہاں کے لوگوں کے مسائل کی بات کریں تو سب سے مسئلہ آمدورفت ہے۔ تنگ اور کچے راستے پر بھاگتی جیپیں حادثات کا سبب بنتی رہتی ہیں اور جہاں جیپ کا راستہ تمام ہوتا ہے وہاں سے پیدل یا خچروں پر لاد کر سامان اوپر لے جانا پڑتا ہے۔

زیادہ تر آبادی کی آمدنی کا انحصار ان کے جانوروں پر ہے — تصویر احسن سعید
زیادہ تر آبادی کی آمدنی کا انحصار ان کے جانوروں پر ہے — تصویر احسن سعید

فیری میڈوز کا ایک منظر — تصویر احسن سعید
فیری میڈوز کا ایک منظر — تصویر احسن سعید

ہمیں دوسری جو چیز فکر انگیز دکھائی دی وہ درختوں کی کٹائی ہے، ان لوگوں کی زندگی کا انحصار ہی لکڑی پر ہے، گھر سے لے کر آگ جلانے تک ہر چیز میں لکڑی استعمال ہو رہی ہے جس سے کٹائی میں تو اضافہ ہو رہا ہے مگر نئے درخت لگانے کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔ گلوبل وارمنگ کے اس دور میں ان چیزوں پر فوقیت سب سے زیادہ ہونی چاہیے۔


لکھاری پیشے کے اعتبار سے ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ سے تعلق رکھتے ہیں، ٹوئٹر کے ساتھ بطور اردو ماڈریٹر کام کرتے ہیں

انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: aey@


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

احسن سعید

احسن سعید پیشے کے اعتبار سے ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ سے تعلق رکھتے ہیں، جب کام نہیں کرتے تو لکھتے اور سفر کرتے ہیں۔

انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: aey@.

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

amir Oct 02, 2016 12:14pm
ap ko 1 baar swat kalam ana chayeye agar ap dunia ke khoobsorati daikhna chate hen to sair keleye loug to bhot atay hen likin jahan tak jate hen wahan gadion main jate hen to jo bhi khoobsorati hai us keleye apko pedal rastai tay karne hongai our pori dunian say ziada khoobsorati daikhne ko melay gi kabhi awo to sahi.........?
Rafi Ahmed Oct 02, 2016 01:46pm
Raston ki pechidigi shayad waqt ziyada krdeti hogi logon aur samaan ki aamad o raft me lakin yahi waja he k ye jagha ab tk khoobsurat he. Safar nama boht acha he lakin jheel, chachmay aur aabshaar ki tasaveer ki kami mehsoos hui.