وہ سلیبرٹیز جن کی طلاق نے لوگوں کو حیران کردیا
مشہور اداکاروں اور سلیبرٹیز کی شادیاں ہمیشہ ہی توجہ کا مرکز بنتی ہیں اور اسی طرح اگر ان کا رشتہ ٹوٹ جائے تو وہ بھی شہ سرخیوں کی زینت بنتا ہے۔
گزشتہ دنوں انجلینا جولی کی جانب سے بریڈ پٹ سے طلاق کا مقدمہ دائر کیا گیا جس نے دنیا بھر میں لوگوں کو شاک میں مبتلا کردیا۔
مگر اس سے پہلے بھی پاکستانی اور ہندوستانی فنکاروں اور سلیبرٹیز کی اچانک علیحدگی برصغیر کے لوگوں کو حیران کرچکی ہے جن میں سے چند کا ذکر یہاں کیا جارہا ہے۔
اعصام الحق اور فاہا مخدوم
پاکستان کے نامور ٹینس پلیئر اعصام الحق نے 2011 میں فاہا مخدوم سے شادی کی، شادی کی تصاویر میں وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بہت اچھے بھی لگے مگر ان کی شادی زیادہ عرصے نہ چل سکی۔ پہلے دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئیں جس کی تردید کی گئی، لیکن 2012 میں یہ جوڑا طلاق کے بعد الگ ہوگیا۔
نعمان جاوید اور فریحہ پرویز
گلوکار نعمان جاوید کو چند سال قبل ایک گانے 'درد تنہائی' سے شہرت ملی، جس کے بعد انہوں نے فریحہ پرویز کے ساتھ مل کر کافی گانے گائے، اس طرح دونوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوئی اور 2016 کے آغاز میں دونوں نے شادی کرلی، لیکن چند ماہ بعد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ اب نعمان جاوید اداکارہ جاناں ملک کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔
حمائمہ ملک اور شمعون عباسی
پاکستانی اور ہندوستانی فلموں میں کام کرکے شہرت حاصل کرنے والی حمائمہ ملک نے 2010 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی، تاہم یہ شادی صرف 2 سال ہی چل سکی اور اس جوڑے نے 2012 میں اپنے راستے الگ کرلیے۔
حمیرا ارشد اور احمد بٹ
گلوکارہ حمیرا ارشد اور اداکار احمد بٹ کی شادی 2004 میں ہوئی اور طویل عرصے تک دونوں کے درمیان تنازعات کی خبریں ہیڈلائنز بنتی رہیں، اس جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے تاہم 2016 میں یہ جوڑا ایک دوسرے سے الگ ہوگیا۔
ارج فاطمہ اور فراز
پاکستانی ٹی وی اداکارہ ارج فاطمہ بھی طلاق کے تجربے سے گزر چکی ہیں، انہوں نے جنوری 2014 میں فراز نامی شخص سے شادی کی تھی جو صرف 3 ماہ ہی چل سکی، اپریل 2014 میں اس جوڑے کے راستے الگ ہوگئے، اتنے کم عرصے میں طلاق کا خیال اس اداکارہ کے پرستاروں نے کیا نہیں تھا، لہذا انہیں کافی دھچکا لگا۔
اظفر علی اور نوین وقار
اداکار اظفر علی اور وی جے سے اداکاری کے شعبے میں آنے والی نوین وقار کی شادی 3 سال تک چلنے کے بعد ختم ہوئی، ان دونوں کی شادی 2012 میں ہوئی تاہم آہستہ آہستہ تعلقات میں خرابی آتی گئی اور 2015 میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔
عینی خالد اور ملک نورید اعوان
عینی خالد کی پہلی شادی بہت جلد ختم ہوگئی تھی، یعنی 6 ماہ کے اندر ہی علیحدگی ہوگئی اور عینی اپنے شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کرکے لندن چلی گئیں۔
عمران خان اور ریحام خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور نیوز اینکر ریحام خان کی شادی جنوری 2015 میں ہوئی، جو دونوں کی ہی دوسری شادی تھی، تاہم 10 ماہ بعد ہی اس جوڑے نے باہمی رضامندی سے اپنے راستے الگ کرلیے۔
ہریتھک روشن اور سوزین خان
ہریتھک روشن اور سوزین خان کی شادی 2000 میں ہوئی تھی اور 13 سال تک یہ جوڑا ہنسی خوشی زندگی گزارتا رہا، جس دوران دو بیٹوں کی پیدائش بھی ہوئی، تاہم پھر کنگنا کے ساتھ ہریتھک کے مبینہ معاشقے کے نتیجے میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا
سلمان خان کے بھائی اور معروف اداکار ارباز خان کی شادی 2000 میں ملائیکہ سے ہوئی، جو 16 سال تک چلی، دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے، تاہم 2016 میں اس جوڑے کی بھی علیحدگی ہوگئی۔
انوراگ کشیب اور کالکی کوچین
فلمساز انوراگ کشیب اور بولی وڈ اداکارہ کالکی کوچین کے رومانس کا آغاز 2008 میں فلم دیو ڈی کے سیٹ پر ہوا اور 2011 میں شادی پر ختم ہوا، تاہم بعد میں حالات اچھے نہیں رہے اور یہ دونوں 2015 میں طلاق لے کر الگ ہوگئے۔
تبصرے (2) بند ہیں