• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نیویارک میں دھماکا، 29افراد زخمی

شائع September 18, 2016
نیویارک میں دو روز بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا ہے—فوٹو/ اے ایف پی
نیویارک میں دو روز بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والا ہے—فوٹو/ اے ایف پی

نیویارک: امریکی ریاست نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ہونے والے ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں 29 افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس سے قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں جبکہ حفظ ماتقدم کے طور پر دھماکے کے مقام کے قریب کی دو عمارتوں کو خالی کرالیا گیا۔

پولیس اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں فائرنگ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 زخمی

امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دھماکا خیز مواد کچرے کےڈبے میں رکھا گیا تھا جبکہ دھماکے کے مقام سے کچھ دور سیکیورٹی اہلکاروں کو ایک پریشر ککر اور اس کے ساتھ منسلک موبائل فون بھی ملا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیرارزم ٹاسک فورس حادثے کے مقام پر پہنچی اور تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بظاہر دھماکا گیس لیکج کی وجہ سے نہیں ہوا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر براک اوباما کو دھماکے کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور انہیں مسلسل اس حوالے سے رپورٹس دی جارہی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکا مین ہیٹن کے علاقے چیلسی میں مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے ہوا اور اس وقت علاقے میں لوگوں کا کافی رش ہوتا ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیویارک کے میئر بل ڈے بلاسیو اور نیویارک شہر کے پولیس کمشنر نے بتایا کہ اب تک اس دھماکے کے پیچھے دہشت گردی کا کوئی عنصر نہیں ملا۔

مزید پڑھیں: امریکا:ہم جنس پرستوں کے کلب میں فائرنگ، 50 ہلاک

میئر ڈے بلاسیو نے کہا کہ ’نیویارک شہر کو کسی بھی تنظیم سے کسی بھی قسم کے خطرات لاحق نہیں اور ابتدائی معلومات سے یہی لگتا ہے کہ دھماکا سوچ سمجھ کر کیا گیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان میں سے کسی کی بھی جان جانے کا خطرہ نہیں۔

واضح رہے کہ یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے انعقاد میں دو روز باقی رہ گئے ہیں اور دنیا بھر کے سربراہان مملکت یہاں آنے والے ہیں جبکہ سیکیورٹی بھی انتہائی سخت ہے۔

قبل ازیں امریکی ریاست نیوجرسی میں بھی چند گنٹوں قبل سی سائیڈ پارک کے قریب پائپ بم دھماکے کے اطلاعات سامنے آئی تھیں جہاں امریکی فوجی اہلکاروں کے بینیفٹ کے لیے منعقدہ چیریٹی مراتھن میں ہزاروں افراد شریک تھے۔

منی سوٹا میں چاقو حملہ

امریکی ریاست منی سوٹا کے ایک شاپنگ مال میں چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے 8 افراد کو زخمی کردیا جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی شاپنگ مال پر پہنچ گئی جبکہ حملہ آور مال کے اندر مردہ حالات میں پایا گیا، پولیس نے وہاں موجود لوگوں کو بحفاظت نکال لیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ حملہ آور کی موت کیسے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال کو فی الحال بند کردیا گیا ہے اور واقعے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024