بولی وڈ میں پاکستانی گلوکاراؤں کی آواز کا جادو
بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی فلم ’پنک‘ تین مضبوط خواتین کی کہانی پر مبنی ہے جو اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر آواز اٹھاتی نظر آئیں گی اور ان مضبوط خواتین کے لیے پاکستانی گلوکاراؤں فائزہ مجاہد اور قرۃ العین بلوچ نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
فائزہ نے اس فلم میں ’جینے دے مجھے‘ گانا گایا جبکہ قرۃ العین نے ’کاری کاری‘ گانے کو اپنی آواز دی، ان دونوں گلوکاراؤں کے گانوں اور گلوکاری کے بارے میں ہندوستانی تجزیہ کاروں نے اچھے ردعمل کا اظہار کیا۔
این ڈی ٹی وی کا فائزہ مجاہد کے گانے کے بارے میں کہنا تھا کہ ’جینے دے مجھے‘ گانا خواتین کو باصلاحیت بنانے کی نئی آواز ہے جبکہ رپورٹ میں گانے کے بول اور فائزہ کی آواز کی بھی خوب تعریف کی گئی۔
فلم فیئر کے تجزیہ کار دیویش شرما کے مطابق فائزہ کا گانا نہایت دلچسپ ہے جو دیگر گانوں سے کافی منفرد بھی ہے، فائزہ پاکستان کی بہترین راک گلوکارہ ہیں اور امید ہے کہ ان کا یہ گانا بولی وڈ پر گہرا اثر چھوڑے گا۔
اسکرول اِن کے منیش کا کہنا تھا کہ فائزہ نے گانا اچھے انداز میں گایا تاہم اس کی شاعری کچھ خاص نہیں ہے، گانے میں ’جینے دے مجھے، پینے دے مجھے، رہنے دے مجھے‘ جیسے بولوں نے کچھ خاص متاثر نہیں کیا۔
قرۃ العین بلوچ کے گانے ’کاری کاری‘ کے بارے میں منیش کے کہنا تھا کہ قرۃ العین نے اپنی شاندار آواز سے فلم ’پنک‘ کے ساؤنڈ ٹریک کو محفوظ کرلیا۔
فلم فیئر کے تجزیہ کار دیویش کا کہنا تھا کہ قرۃ العین بلوچ نے ’کاری کاری‘ گانے کو شاندار انداز میں گایا ہے، انہوں نے اپنی بہترین آواز سے تنویر غازی کے لکھے ہوئے مضبوط گانے کو متاثر کن بنادیا ہے۔