’کیا یہ ہیں آپ کے اچھے دن؟‘
اپنے کامیاب کامیڈی شو سے سب کو ہنسانے والے کامیڈین اور بولی وڈ اداکار کپل شرما آج کل ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے کافی ناراض نظر آرہے ہیں۔
کپل شرما نے ٹوئٹر پر نریندر مودی کے لیے ٹویٹ میں کہا کہ ’میں ان کم ٹیکس کے نام پر گزشتہ 5 سالوں سے 15 کروڑ روپے بھر چکا ہوں اور اب بھی مجھے نیا دفتر بنانے کے لیے بی ایم سی کو 5 لاکھ روپے رشوت دینی ہوگی‘۔
انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’نریندر مودی کیا یہ ہیں آپ کے اچھے دن؟‘
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) پر کپل شرما کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد ہندوستانی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈناوز نے بھی ٹوئٹر پر کپل شرما کو یقین دہانی کروائی کے اس معاملے کی کاروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کپل شرما اس معاملے کی تمام تفصیلات فراہم کریں، گناہ گاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما کی کمائی بولی وڈ اداکاروں سے بھی زیادہ
خیال رہے کہ ممبئی کی میونسپل کارپوریشن کو ہندوستان کی امیر ترین یا سب سے زیادہ پیسے والی بلدیاتی حکومت کا درجہ حاصل ہے، ملک کی اس اہم مقامی حکومت کا انتظام شدت پسند تنظیم شیو سینا اور مرکزی حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پاس ہے۔
مونسپل کارپوریشن کی ویجی لینس کمیٹی کے سربراہ نوہر پہنور نے کپل شرما کے الزمات کی تردید کی جبکہ ساتھ ہی ان سے مطالبہ کیا کہ اس سرکاری افسر کا نام سامنے لائیں جنہوں نے ان سے رشوت کا تقاضہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کپل شرما کے کامیڈی شو سے متعالق خبریں آئی تھیں کہ وہ کئی بولی وڈ اداکاراوں سے زیادہ معاوضہ حاصل کررہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کپل شرما سونی ٹی وی پر اپنے کامیڈی شو کی ہر قسط کے 60 سے 80 لاکھ ہندوستانی روپے کماتے ہیں، یعنی وہ ہر ماہ تقریباً 3 کروڑ سے 6 کروڑ ہندوستانی روپے معاوضہ حاصل کررہے ہیں۔