• KHI: Fajr 5:11am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:40am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:44am Sunrise 6:07am
  • KHI: Fajr 5:11am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:40am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:44am Sunrise 6:07am

پی ایس 127 سے ایم کیو ایم امیدوار کو شکست

شائع September 9, 2016
پی ایس 127 میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے — فوٹو: آن لائن
پی ایس 127 میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے — فوٹو: آن لائن

کراچی: صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 ملیر کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے امیدوار کو شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔

حلقے کے ریٹرننگ افسر نے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 7 ہزار 467 ہے، جن میں سے 27 ہزار 12 مردوں اور 17 ہزار 505 خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حلقے کے ضمنی انتخاب میں 420 ووٹ مسترد ہوئے، جبکہ ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب 21 فیصد رہا۔

ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام مرتضیٰ بلوچ نے انتخاب میں 21 ہزار 187 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، ایم کیو ایم کے امیدوار وسیم احمد 15 ہزار 553 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ندیم میمن 5 ہزار 580 ووٹ حاصل کرسکے۔

یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بانی الطاف حسین سے قطع تعلق کے بعد یہ پہلا انتخاب ہے، جس میں ایم کیو ایم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل جاری ہے — فوٹو: آن لائن
ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل جاری ہے — فوٹو: آن لائن

قبل ازیں ضمنی انتخاب کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہی۔

ووٹنگ کے دوران کئی مقامات پر حریف جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑوں کے واقعات بھی پیش آئے۔

پولنگ کے دوران تصادم کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا، جبکہ رینجرز نے جعلی ووٹ ڈالنے کے الزام میں ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا۔

پولنگ کے دوران حلقے میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ یہ نشست ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی اشفاق منگی کے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شامل ہونے کے باعث خالی ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024