• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

صوابی: زہریلی بریانی سے 200 طلباء کی حالت غیر

شائع September 5, 2016

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں واقع کرنل شیرخان کیڈٹ کالج کے 200 سے زائد طلباء کی حالت خراب کھانے کے باعث غیر ہوگئی، جنھیں مردان کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شہرام ترکئی کے مطابق واقعے کے بعد میڈیکل ٹیموں کو کرنل شیر خان کیڈٹ کالج روانہ کیا گیا، جہاں انھوں نے متاثرہ طلباء کو ابتدائی طبی امداد دی۔

شہرام ترکئی نے بتایا کہ 180 طلباء کو مردان میڈیکل کمپلیکس اور 30 کو مردان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق طلباء کی طبیعت فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے بگڑی اور تمام متاثرہ طالب علموں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

ایک متاثرہ طالب علم نے بتایا کہ انھوں نے رات کو کھانے میں بریانی کھا کر کولڈ ڈرنک پی تھی، جس کے بعد انھیں قے اور پیٹ میں شدید درد شروع ہوگیا۔

ڈی پی او صوابی جاوید اقبال نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ کھانے کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجے جاچکے ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ کوکنگ اسٹاف سے بھی تفتیش کی گئی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

دوسری جانب کالج انتظامیہ ذرائع کے مطابق کالج میں امتحانات جاری ہیں تاہم فوڈ پوائزننگ کے واقعے کے بعد پیر 5 ستمبر کو ہونے والا دسویں جماعت کا پرچہ منسوخ کردیا گیا ہے اور اسکول پیر کو بند رہے گا۔

ذرائع کے مطابق صوابی کے کرنل شیر خان کیڈٹ کالج میں 600 کے قریب طلباء زیر تعلیم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024