بیوٹی پارلرکے باہر دلہن قتل
راولپنڈی: رشتے کے تنازع پر دلہن کو بیوٹی پارلر کے باہرگولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔
راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں چکری روڈ کے قریب واقع بیوٹی پارلر کے باہر فائرنگ کا واقعہ ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد نے بیوٹی پارلر سے تیار ہو کر نکلنے والی دلہن کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
دلہن کے ساتھ گاڑی میں سوار ایک خاتون سمیت دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
تینوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دلہن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئی۔
ہلاک ہونے والی لڑکی کی شناخت 22 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی کے قریب صادق آباد کی رہائشی آمنہ کی آج رخصتی ہونے والی تھی جبکہ وہ تیاری کے لیے مذکورہ بیوٹی پارلر گئی تھی جو کہ ان کے جاننے والوں کا ہی تھا۔
تھانہ صدر بیرونی کے پولیس ذرائع نے بتایا کہ دلہن پر ممکنہ طور پر اس کے کزن نے حملہ کیا، کیونکہ اس کو رشتے کے لیے لڑکی کے گھر والوں کی جانب سے انکار کیا جا چکا تھا۔