• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

ہندوستانی فوج کی فائرنگ ، 100 سے زائد کشمیری زخمی

شائع September 4, 2016

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کی فائرنگ سے 100 سے زائد کشمیری شہری زخمی ہوگئے۔

اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انڈین فورسز نے شوپیاں اور آننت ناگ میں نکالی جانے والی دو ریلیوں کو منتشر کرنے کیلئے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نیتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

اس واقعے کے بعد مشتعل کشمیریوں نے شوپیاں میں منی سیکریٹریٹ کی عمارت کو نذر آتش کردیا جس میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر سمیت کئی حکومتی محکموں کے دفاتر قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں 51 ہلاکتیں،ہندوستانی وزیر داخلہ سری نگر پہنچ گئے

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور چھروں کا بھی استعمال کیا، ایک سینئر ہیلتھ آفیشل نے بتایا کہ شوپیاں کے سرکاری ہسپتالوں میں 60 کے قریب زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

20 افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جن میں سے 9 شدید زخمی افراد کو سری نگر منتقل کردیا گیا جبکہ مزید زخمیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

کشمیر کے جنوبی علاقے آننت ناگ میں ڈاکٹرز نے بتایا کہ چھ زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن کے جسم پر چھروں کے زخم موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آننت ناگ میں فورسز کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔

کل جماعتی وفد کی سری نگر آمد

انڈین فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر طاقت کے بے دریغ استعمال کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں کل جماعتی وفد 8 جولائی سے جاری کشیدگی کے خاتمے پر مذاکرات کیلئے سری نگر پہنچا ہے۔

یہ وفد کشمیر کی صورتحال کو معمول پر لانے کے مقصد سے سری نگر پہنچا ہے جہاں وہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کرے گا اور زمینی حقائق کا جائزہ لے کر مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کرے گا۔

مزید پڑھیں:’کشمیر ہندوستان کا اندرونی معاملہ نہیں‘

واضح رہے کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی انڈین فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں۔

اس واقعے کے بعد سے کشمیر میں کرفیو نافذ ہے تاہم چند روز قبل انتظامیہ نے کرفیو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن حالات خراب ہونے پر دوبارہ کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔

اس دوران انڈین فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 80 کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔


کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025