• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وہ امراض جو جلد سے ظاہر ہوتے ہیں

شائع February 22, 2019
کچھ امراض کا سب سے پہلے اشارہ جلد پر ظاہر ہوتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
کچھ امراض کا سب سے پہلے اشارہ جلد پر ظاہر ہوتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

جلد انسانی جسم کا سب سے بڑا عضو ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ امراض کی پیشگوئی بھی کرتی ہے؟

جی ہاں کچھ امراض کا سب سے پہلے اشارہ جلد پر ظاہر ہوتا ہے۔

مگر کیا آپ ان علامات سے واقف ہیں جو جلد مختلف امراض کے لیے ظاہر کرتی ہے؟

برص

عام طور پر برص نامی اس مرض کے بارے میں یہ خیال عام ہے کہ یہ مچھلی کھانے کے بعد دودھ پینے کا ری ایکشن ہوتا ہے، تاہم طبی سائنس اس کو رد کرتی ہے۔درحقیقت یہ اس وقت لاحق ہوتا ہے جب جلد کو اس کی قدرتی رنگت دینے والے خلیات مخصوص رنگدار مادہ کی تیاری چھوڑ دیتے ہیں۔جلد پر نمایاں سفید دھبوں کا نمودار ہونا درحقیقت جسمانی دفاعی نظام کی جانب سے جلدی خلیات پر حملہ کرنا ہوتا ہے جو جلد کو رنگ دینے والے جز میلانن پر ہوتا ہے، تاہم یہ دیگر آٹو امیون امراض جیسے تھائی رائیڈ امراض کی علامت بھی ہوسکتا ہے۔

سوزش جلد

خشک، کھجلی اور جلد پر سرخ نشانات عام طور پر گردن یا کہنیوں کے پاس ظاہرتے ہیں، یہ کافی عام جلدی مرض ہے جو بچوں، بڑوں دونوں کو ہوسکتا ہے، مگر یہ ذہنی صحت میں خرابی کی علامت بھی ہوسکتا ہے۔ ایک امریکی تحقیق کے مطابق ڈپریشن یا تناﺅ کے ذہنی عارضوں کے شکار افراد میں یہ جلدی مرض نمودار ہوتا ہے، تاہم جلد کی سوزش کا علاج کرانے سے ذہنی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔

کھلے زخم

بلڈ شوگر طویل عرصے تک بڑھی رہے تو اس کے نتیجے میں خون کی گردش متاثر اور اعصاب کو نقصان پہنچتا ہے، اس کے نتیجے میں جسم کے زخم بھرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، خاص طور پر پیروں میں یہ زخم نظر آتے ہیں جنھیں ذیابیطس کا ناسور بھی کہا جاتا ہے۔

چنبل

اس جلدی مرض میں جلد پر چھلکے سے نمودار ہوجاتے ہیں جبکہ کھجلی اور خارش بھی ہوتی ہے، مگر یہ کچھ سنگین طبی مسائل کی جانب اشارہ بھی کررہے ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اس جلدی کیفیت کے شکار افراد میں دل کے امراض کا امکان 58 فیصد جبکہ فالج کا خطرہ 43 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ چنبل اور خون کی شریانوں میں خون کا جمنا ورم کے باعث ہوتا ہے اور یہ چیز دونوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔

گلابی دانے یا وردیہ

اس مرض میں جلد سرخ ہوجاتی ہے اور گلابی رنگ کے دانے نکل آتے ہیں، اکثر افراد اس کا علاج نہیں کراتے کیونکہ وہ اسے نقصان دہ نہیں سمجھتے، مگر ایک نئی تحقیق کے مطابق یہ کیفیت خواتین میں ڈیمینشیا کے مرض کا خطرہ 28 فیصد تک بڑھا دیتی ہے، خاص طور پر اگر عمر 50 یا 60 سال سے زائد ہو۔

خشک اور پھٹی ہوئی جلد والے پیر

یہ ممکنہ طور پر تھائی رائیڈ (سانس کی نالی کے قریب موجود غدود) میں مسائل کی علامت ہوسکتے ہیں خاص طور پر اس وقت جب پیروں کی نمی کا خیال رکھنا بھی بے کار ثابت ہو۔ جب تھائی رائیڈ غدود میں مسئلہ ہو تو وہ تھائی رائیڈ ہارمونز کو تیار کرنے سے قاصر ہوجاتا ہے جو کہ میٹابولک ریٹ، بلڈ پریشر، پٹھوں کی نشوونما اور اعصابی نظام وغیرہ کے لیے کام کرتے ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق تھائی رائیڈ کے مسائل کے نتیجے میں جلد انتہائی خشک ہوجاتی ہے خاص طور پر پیروں کی جلد پھٹنے لگتی ہے اور حالت میں بہتری نہ آنے پر ڈاکٹر کا رخ کرنا ہی فائدہ مند ہوتا ہے۔

ہاتھوں میں پسینہ

اگر ہاتھوں پر بہت زیادہ پسینہ آتا ہے تو یہ تھائی رائیڈ امراض کے ساتھ ساتھ جسم سے ضرورت سے زیادہ پسینے کے اخراج کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے، جس میں پسینہ خارج کرنے والے غدود زیادہ متحرک ہوجاتے ہیں۔ اکثر افراد کو اس مسئلے کا سامنا جسم کے ایک یا 2 حصوں میں ہوتا ہے جیسے بغلیں، ہتھیلی یا پیر۔ ڈاکٹر اس کا معائنہ کرکے علاج تجویز کرسکتے ہیں۔

سیاہ گومڑ یا تل

عام طورپر بہت نمایاں سیاہ تل یا گومڑ جلد کے کینسر کی علامت ثابت ہوسکتے ہیں، جبکہ بریسٹ کینسر، مثانے اور گردے کے کینسر کا خطرہ بھی ان کی وجہ سے بڑھ جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سورج میں کم گھومنا، متحرک رہنا، صحت بخش غذا اور الکحل سے دوری اس طرح کے جان لیوا کینسر سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024