ستمبر میں ریلیز ہونے والی فلمیں
چاہے پاکستانی فلم انڈسٹری ہو، بولی وڈ ہو یا ہولی وڈ، ہر ماہ ہی مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے بے شمار فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، ان میں سے کچھ کو تو شائقین کی خوب داد موصول ہوتی ہے، تاہم کچھ توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہیں۔
رواں ماہ بھی تینوں فلم انڈسٹریز کئی فلمیں ریلیز کرنے جارہی ہیں۔
ہم نے گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلموں سے بھی آپ کو آگاہ کیا تھا ویسے ہی اس بار بھی فلموں کی ایک فہرست آپ کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ان میں سے آپ کتنی فلموں کو پسند کرتے ہیں:
پاکستانی فلمیں
جانان

ریحام خان کی پروڈکشن فلم ’جانان‘ کے ٹریلر نے مداحوں کی خوب داد حاصل کی، اس فلم کی کاسٹ میں بلال اشرف، علی رحمان خان اور ارمینہ رانا خان شامل ہیں۔ فلم جانان کی کہانی ایک پختون خاندان کے گرد گھومتی ہے۔
یہ فلم 13 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
ایکٹر اِن لا

بولی وڈ اداکار اوم پوری پہلی بار کسی پاکستانی فلم میں جلوہ گر ہونے جارہے ہیں اور مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، فلم ’ایکٹر اِن لا‘ میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات خان بھی مرکزی کردار کرتی نظر آئیں گی۔
’ایکٹر ان لا‘ ایک ایسے نوجوان کی کہانی ہے جو اداکار بننا چاہتا تھا تاہم اس کے والد چاہتے ہیں کہ وہ وکالت کا پیشہ اختیار کرے۔
فلم ’ایکٹر ان لا‘ رواں ماہ 13 تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔
زندگی کتنی حسین ہے

سجل علی اور فیروز خان کی یہ رومانوی کہانی بھی 13 ستمبر کو عید الاضحیٰ کے موقع ہر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ فلم ایک شادی شدہ جوڑے کی زندگی میں آنے والے اچھے برے لمحات پر بنائی گئی ہے۔
بولی وڈ
اکیرا

سوناکشی سنہا کی ایکشن سے بھرپور فلم 'اکیرا' 2 ستمبر کو سنیما گھروں میں پیش کی گئی، اس فلم میں سوناکشی کمال کے ایکشن سینز کرتی نظر آئیں ہیں، فلم اکیرا ایک لڑکی کی زندگی پر بنائی گئی ہے جو کسی سے خوف زدہ نہیں ہوتی اور تمام مشکلات کو خود ہی حل کرتی ہے۔
بار بار دیکھو

فلم ’بار بار دیکھو‘ 9 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم میں سدھارتھ ملہوترا اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، فلم کی کہانی ایک لڑکا اور لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسرے کو کافی پسند کرتے ہیں اور شادی کرنے والے ہیں تاہم بعد ازاں لڑکا اس سے انکار کردیتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی بھی ہوجاتی ہے اور اس لڑکے کو معلوم ہی نہیں ہوتا اور اس کی زندگی تیزی سے آگے بڑھتی چلی جاتی ہے۔
فریکی علی

نوازالدین صدیقی کی فلم ’فریکی علی‘ بھی 9 ستمبر کو ہی ریلیز کی جائے گی، اس فلم میں ان کے ہمراہ ارباز خان اور ایمی جیکسن اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
فریکی علی کی کہانی نہایت مزاحیہ معلوم ہوتی ہے جس میں نوازالدین، علی نامی شخص کا کردار ادا کررہے ہیں۔
پنک

فلم ’پنک‘ کی کہانی تین لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جن پر کچھ بااثر افراد کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے، امیتابھ بچن اس فلم میں ایک وکیل کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جو عدالت میں ان تینوں لڑکیوں کا مقدمہ لڑیں گے۔
’پنک‘ 16 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
راز ریبوٹ

عمران ہاشمی کی ہارر فلم سیریز ’راز‘ کا نیا حصہ ’راز ریبوٹ‘ 16 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا، فلم کی کہانی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے جسے اپنے آس پاس ایک سایہ محسوس ہوتا ہے جس کے بعد عمران ہاشمی اس کی مدد کریں گے۔
من مرضیاں

آیوشمان کھرانہ اور بھومی پڈنیکر کی فلم 'من مرضیاں' ایک رومانوی کہانی پر مبنی ہے جس میں ایک پنجابی لڑکی اور لڑکے کو پیش کیا جائے گا۔
فلم رواں ماہ 23 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
بنجو

فلم 'بنجو' موسیقی پر مبنی ہے جس میں اداکار ریتیش دیشمکھ اور نرگس فخری کام کرتے نظر آئیں گے۔
اس فلم میں ریتیش دیشمکھ نے نہایت منفرد کردار ادا کیا ہے جسے یقیناً ان کے مداح کافی پسند کریں گے۔
فلم بنجو بھی 23 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
ایم ایس دھونی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری

ہندوستان کے کامیاب کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم رواں ماہ 30 تاریخ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم میں دھونی کی مکمل زندگی کو پیش کیا جائے گا جس میں ان کی ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں ان کی بہترین کارکردگی شامل ہے۔
فلم میں اداکار سوشانتھ سنگھ راجپوت مرکزی کردار کرتے نظر آئیں گے۔
ہولی وڈ
مورگن

ہولی وڈ فلم 'مورگن' 2 ستمبر کو ریلیز کی گئی، یہ ایک تھرل کہانی پر بنائی جانے والی فلم ہے جس میں ایک خاتون ایک چھپی ہوئی کہانی سے پردہ اٹھاتی ہیں۔
وین دی بو بریکس

یہ ایک سسپنس فلم ہے جسے 9 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا، اس فلم کی کہانی ایک ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو کافی پروفیشنل ہیں اور اولاد کی خواہش رکھتے ہیں۔
کئی ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کے بعد وہ سروگیسی کے لیے ایک خاتون کا سہارا لیتے ہیں تاہم خود ہی کئی مشکلات میں پھنس جاتے ہیں۔
دی میگنیفیشنٹ سیون

ہولی وڈ کی اس فلم کی کہانی پیسہ حاصل کرنے پر بنائی گئی ہے تاہم اس کی کہانی مداحوں کو فلم دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہوگی۔
فلم 23 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
مس پیری گرائنز ہوم فار پیکیولیئر چلڈرن

یہ ہولی وڈ فلم 30 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم کی میں جیک نامی ایک لڑکا مس پیری گرائنز ہوم نامی ایک جگہ تلاش کرے گا جس کے بعد اسے احساس ہوگا کہ وہاں ایسا بہت کچھ ہے جو سچ نہیں اور وہ حقیقت، جھوٹ اور اپنی شخصیت کے بارے میں پتہ لگائے گا۔