21 ویں صدی کی 20 عظیم ترین فلمیں
فلم بینی دنیا بھر کے کروڑوں افراد کا مشغلہ ہے مگر ہر شخص کی پسند مختلف ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سب سے بہترین یا عظیم ترین فلموں کا انتخاب اتنا آسان نہیں تاہم بی بی سی نے 21 صدی کی سو عظیم ترین فلموں کا انتخاب کیا ہے جس کے لیے دنیا بھر کے 177 ناقدین سے آراءلی گئی۔
اس فلم میں 2000 سے اب تک کی فلموں کو شامل کیا گیا ہے اور ہم نے ان میں سے سرفہرست 20 فلموں کو منتخب کیا ہے۔
دیکھیں کیا اس فہرست میں شامل کوئی فلم آپ کو بھی پسند ہے یا نہیں؟
20۔ Synecdoche, New York (2008)
یہ ایک تھیٹر ڈائریکٹر کی جدوجہد پر مبنی ہے جو اسے اپنے کام اور زندگی میں شامل خواتین کے مقابلے پر کرنی پڑتی ہے، جس کے دوران وہ اپنے نئے ڈرامے کے لیے ایک گودام میں نیویارک شہر کی ایک نقل بھی تیار کرتا ہے۔ اس فلم کو چارلی کاﺅفمین نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا، جبکہ مرکزی کاسٹ میں فلپ سیمور ہوفمین، سمانتھا مورٹون اور مچل ولیمز شامل تھے۔
19 – میڈ میکس: فیوری روڈ (2015)
فیوری روڈ اگر آپ نے دیکھی ہو تو فلم کی کہانی تو کچھ نہیں بس تعاقب ہی تعاقب ہے مگر انتہائی تیز رفتار بہترین ایکشن مناظر اور اسٹنٹس نے اسے خاص بنا دیا۔ فلم کے ہیرو اور ہیروئین دونوں کو ہی ڈائریکٹر نے اس انداز سے پیش کیا ہے کہ وہ حالیہ برسوں کے سب سے سخت جان اور مزاحمت کرنے والے ایکشن ہیروز کے روپ میں سامنے آئے ہیں۔ اس کی ہدایات جارج ملر نے دیں، جبکہ کہانی برینڈن میکارتھی اور جارج ملر نے تحریر کی، اس کی مرکزی کاسٹ میں ٹام ہارڈی، چارلیز تھیرون اور نکولس ہولٹ شامل ہیں۔
18 - دی وائٹ ربن (2009)
دی وائٹ ربن بلیک اینڈ وائٹ فلم ہے جس کی مصنف اور ڈائریکٹر مائیکل ہینیکی تھے، اس فلم میں پہلی جنگ عظیم اول سے قبل شمالی جرمنی کے ایک گاﺅں میں مقیم خاندان کی کہانی بیان کی گئی ہے، جس کو عجیب و غریب واقعات کا سامنا ہوتا ہے۔
17 - پانز لیبیرنتھ (2006)
یہ اسپینش۔ میکسین فلم جنگی اور ڈارک فنٹاسی فلم ہے جسے گلیمورو ڈیل تورو نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا، جس میں 1944 کے اسپین کو پیش کیا گیا ہے۔
16 - ہولی موٹرز
یہ فرنچ۔ جرمن فنٹاسی ڈراما فلم لیوز کراکس نے تحریر اور ڈائریکٹ کی، جس کی کہانی حیران کن ہے جو ایک پراسرار شخص کی کہانی پر مبنی ہے۔
15 - 4 منتھس، ویکس اینڈ 2 ڈیز (2007)
اس فلم کو رومانیہ کے آرٹ رائٹر اور ڈائریکٹر کرسٹین میونگیو نے بنایا اور اس میں اسی کی دہائی میں رومانیہ میں ایک خاتون کی جانب سے غیرقانونی اسقاط حمل میں مدد دینے کو موضوع بنایا گیا ہے۔
14 - دی ایکٹ آف کلنگ (2012)
یہ درحقیقت ایک دستاویزی فلم ہے جس میں 1965-66 میں انڈونیشیاءمیں ہونے والے قتل عام کو پیش کیا گیا ہے۔
13 - چلڈرن آف مین (2006)
اس فلم میں 2027 کا تصوراتی زمانہ پیش کیا گیا ہے جب پوری دنیا میں خواتین کسی وجہ سے بانجھ ہوجاتی ہیں، اس وقت ایک شخص کرشماتی طور پر حاملہ ہونے والی خاتون کو بچانے کا بیڑہ اٹھاتا ہے، اس دلچسپ کہانی پر مبنی فلم کو الفانسو کیوارون نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا۔
12 - زوڈک (2007)
یہ ایک مسٹری تھرلر فلم ہے جو 1986 کی ایک نان فکشن ناول ہر مبنی ہے، جس میں ایک قاتل زوڈک کی تلاش کو دکھایا گیا ہے جو سان فرانسسکو کے علاقے بے ایریا میں 1960 اور 70 کی دہائی میں قتل کرتا تھا، جس کے دوران وہ خطوط کے ذریعے پولیس پر طنز کرتا۔ اس فلم کی ہدایات ڈیوڈ فنچر نے دیں جبکہ اسکرین پلے جیمز وینڈربیلٹ نے تحریر کیا۔
11 - انسائیڈ لیوین ڈیوڈ (2013)
جیول اور ایتھن کون کی تحریر اور ڈائریکٹ کردہ یہ فلم 1961 کے دور کو پیش کرتی ہے جس میں ایک لوک گلوکار کی موسیقی کی دنیا میں کامیابی اور اپنی زندگی کو ترتیب میں رکھنے کی جدوجہد کو پرمزاح انداز سے پیش کیا گیا ہے۔
10 - نو کنٹری فار اولڈ مین (2007)
اس فلم کو بھی جیول اور ایتھن کون نے تحریر و ڈائریکٹ کیا جس میں ٹیکساس میں کھیلے جانے والے چوہے بلی کے کھیل کو پیش کیا گیا ہے۔
9 - اے سیپریشن (2011)
ایرانی رائٹر اور ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی یہ فلم ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے جنھٰں ایک مشکل فیصلہ کا سامنا ہوتا ہے یعنی اپنے بچے کی زندگی بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک جانے یا ایران میں رہتے ہوئے الزائمر کے شکار بزرگ کی دیکھ بھال کرنے کا۔
8 - یائی یائی: اے ون اینڈ اے ٹو (2000)
یہ ایک تائیوانی/ جاپانی فلم ہے جسے تحریر اور ڈائریکٹ ایڈورڈ یانگ نے کیا، جس میں متوسط طبقے کے ایک تائیوانی خاندان کے ہر فرد کی ماضی اور حال کے تعلقات کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔
7 - دی ٹری آف لائف (2011)
1950 کی دہائی کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم ٹیکساس میں رہنے والے ایک خاندان کے بارے میں ہے، اس کی کہانی ایک جابر باپ اور اس کے تین بیٹوں کے گرد گھومتی ہے، اس فلم کو ٹیرینس ملک نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا۔
6 - ایٹرنل سن شائن آف دی سپاٹ لیس مائنڈ (2004)
کامیڈی، سائنس فکشن، رومانوی اور ڈراما فلم میں یاداشت اور رومان کی فطرت کو خوبصورت انداز سے پیش کیا گیا، جو درحقیقت ایک دوسرے ناراض ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو ایک دوسری کی تمام یادیں ذہن سے مٹا دیتے ہیں۔ اس فلم کو چارلی کاﺅفمین نے تحریر جبکہ مائیکل گونڈری نے ڈائریکٹ کیا۔
5 - بوائے ہڈ (2014)
بوائے ہڈ میں ایک نوجوان لڑکے میسن جونئیر کی 12 سال کی کہانی بیان کی گئی ہے جو ٹیکساس میں پلتا بڑھتا ہے۔ یہ حساس کہانی غیرمعمولی ہے جس میں میسن کی پہلے کلاس سے ہائی اسکول سے پاس آؤٹ ہونے تک کی زندگی پیش کی گئی ہے۔ہم میسن کے بچپن کو اپنی آنکھوں کے سامنے بیتتا دیکھتے ہیں اور فلم خوبصورتی سے بیان کرتی ہے کہ بچے کتنی جلد بڑے ہوتے ہیں۔ اس فلم کو رچرڈ لنکلیٹر نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا۔
4 - سپرٹیڈ آوے (2001)
یہ ایک جاپانی اینیمیٹڈ فلم ہے جس میں ایک دس سالہ بچی کو دکھایا گیا ہے، جس کا خاندان مضافات میں منتقل ہوتا ہے تو وہ ایسی دنیا میں گھومنے لگتی ہے جو بدروحوں اور چڑیلوں سے بھری ہوتی ہے، جبکہ وہاں انسان عفریت میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
3 - دئیر ول بی بلڈ (2007)
یہ تاریخی ڈراما فلم پال تھامس اینڈرسن نے تحریر اور ڈائریکٹ کی، جس میں ایک خاندان، مذہب، نفرت، تیل اور پاگل پن کی کہانی پیش کی گئی ہے۔
2 - ان دی موڈ آف لو (2000)
ہانگ کانگ میں بننے والی اس فلم کو وونگ کار۔وائی نے ڈائریکٹ کیا، جس میں 1962 کے دور کو پیش کیا گیا اور اس کی کہانی ایک صحافی اور ایک سیکرٹری کے رومان کے گرد گھومتی ہے جو پڑوسی ہونے کے ساتھ اس وقت قریب آتے ہیں جب انہیں اپنے شریک حیات کے معاشقوں کا شبہ ہوتا ہے۔
1 - مول ہولینڈ ڈرائیو (2001)
رائٹر اور ڈائریکٹر ڈیوڈ لنچ کی اس فلم کو بی بی سی نے 21 ویں صدی کی اب تک کی سب سے بہترین فلم قرار دیا ہے، جو ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ کی کہانی پر مبنی ہے جو نئی نئی لاس اینجلس آتی ہے جہاں اس کی دوستی بے خوابی کی شکار خاتون سے ہوجاتی ہے، جس کے بعد ایک دلچسپ کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں