• KHI: Maghrib 7:01pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:41pm Isha 8:09pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:21pm
  • KHI: Maghrib 7:01pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:41pm Isha 8:09pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:21pm

سامعہ کی والدہ اور بہن کی حوالگی کیلئے پولیس کی کوششیں

شائع August 11, 2016

گجرات: پولیس صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل ہونے والی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کی والدہ اور بہن کی برطانیہ سے حوالگی کے لیے کوششوں میں مصروف ہے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ جہلم پولیس نے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ برطانیہ سے دونوں ملزمان کی حوالگی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو ابھی تک سامعہ کی والدہ امتیاز بی بی اور بہن مدیحہ شاہد کی سفر کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

مزید پڑھیں:برطانوی خاتون کو پاکستان میں 'غیرت' کے نام پر قتل کرنے کا دعوٰی

منگلہ پولیس کی ابتدائی تحقیقات اور سامعہ کے اہلخانہ کے دعوے کے مطابق امتیاز بی بی اور مدیحہ شاہد، 20 جولائی کو سامعہ کی وفات کے بعد پاکستان واپس آئیں اور ان کی تدفین کے بعد واپس برطانیہ روانہ ہوگئیں۔

کیس کے دیگر 3 ملزمان سامعہ کے والد چوہدری شاہد، سابق شوہر چوہدری شکیل اور کزن مبین کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ پولیس کی تحویل میں ہیں، تاہم مقامی پولیس نے اس بات کی تردید کردی۔

سامعہ شاہد کی پوسٹ مارٹم اورفرانزک رپورٹ میں پہلے ہی اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ ان کی موت طبعی نہیں تھی، بلکہ ان کا گلا گھونٹا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سامعہ کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا، فرانزک رپورٹ

بریڈ فورڈ سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ بیوٹی تھراپسٹ سامعہ شاہد کی پہلی شادی ان کے کزن چوہدی شکیل سے ہوئی تھی، تاہم دونوں کی طلاق ہوگئی، جس کے بعد انھوں نے ٹیکسلا کے سید مختار کاظم سے دوسری شادی کی اور جوڑے نے دبئی میں رہائش اختیار کرلی۔

سامعہ شاہد کو ان کی والدہ نے فون پر کہا تھا کہ وہ اپنے والد چوہدری شاہد سے ملنے پنجاب کے ضلع جہلم میں واقع گاؤں پندوری جائیں، کیوں کہ ان کی طبیعت ناساز ہے، جس کے بعد سامعہ گذشتہ ماہ 14 جولائی کو پاکستان پہنچیں۔

20 جولائی کو ان کے والد نے پولیس میں اس حوالے سے رپورٹ درج کروائی کہ ان کی بیٹی دل کا دورہ پڑنے کے باعث وفات پاگئی ہے، جس کے بعد 23 جولائی کو سامعہ کے شوہر مختار کاظم نے منگلہ پولیس میں ان کے والدین، سابق شوہر، ایک بہن اور ایک کزن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا۔

بعدازاں سامعہ کے والد نے اپنا بیان بدل لیا اور کہا کہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی۔

مزید پڑھیں: 'سامعہ شاہد کا پہلا شوہر مجرمانہ ریکارڈ کا حامل'

تاہم ڈی آئی جی ابو بکر خدا بخش کی سربراہی میں پولیس کی انویسٹی گیشن ٹیم کیس کے سلسلے میں مزید شواہد اکھٹے کرر ہی ہے۔

جہلم کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں مذکورہ کیس کی اگلی سماعت اب 13 اگست کو ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 29 اپریل 2025
کارٹون : 28 اپریل 2025