'یہاں سے چلے جائیں ورنہ ہم آپ کو تھپڑ مار دیں گے'
پاکستانی اداکار گوہر رشید اپنے ڈرامے ’من مائل‘ میں منفی کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ڈراموں میں ان کے کرداروں کی بنیاد پر انھیں نہیں جانچا جانا چاہیے۔
گوہر رشید نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں من مائل میں منفی کردار ادا کرنے کے حوالے سے اپنا ایک دلچسپ تجربہ شیئر کیا اور ساتھ ہی ڈرامے اور اپنے کردار سے متعلق کئی باتیں بتائیں۔
گوہر کے مطابق ’میں ایک دفعہ اپنے دوستوں کے ساتھ سینما گیا جہاں کچھ خواتین موجود تھیں، ان میں سے ایک میرے قریب آئیں اور پوچھا کہ کیا میں میکائیل ہوں، میں نے کہا ہاں، بس اس کے بعد انہوں نے مجھ سے کہا آپ بہت برے ہیں، ایک اور خاتون نے کہا آپ یہاں سے چلے جائیں ورنہ ہم آپ کو تھپڑ مار دیں گے، اگر میں وہاں کچھ دیر بھی ٹہرتا تو یقیناً وہ مجھے تھپڑ مار بھی دیتیں‘۔
مزید پڑھیں: ثنا جاوید کی ڈیبیو فلم میں بلال اور گوہر بھی شامل
گوہر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈرامے ’من مائل‘ میں جو کردار وہ ادا کررہے ہیں ایسے کئی افراد ہمارے معاشرے میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا ’جب یہ ڈرامہ نشر کیا گیا تو مجھے فیس بک پر کئی لڑکیوں کے پیغامات موصول ہوئے، ایک لڑکی کاکہنا تھا کہ آپ کا بہت شکریہ کہ آپ اس قسم کا کردار ادا کررہے ہیں، میرے سابق شوہر کا رویہ میرے ساتھ ایسا ہی تھا اور میں یہ سوچ کر چپ رہتی تھی کہ وہ میرا شوہر ہے‘۔
کئی منفی کردار کرنے والے گوہر کا کہنا تھا کہ وہ انڈسٹری میں ہیرو بننے کے لیے نہیں آئے، یہاں جو بھی آتا ہے وہ ہیرو بننا چاہتا ہے لیکن انہیں اس میں دلچسپی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عروہ نے ’رنگریزا‘ میں ثناء جاوید کی جگہ لے لی
دیگر اداکاروں کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’کئی ایسے اداکار بھی انڈسٹری میں موجود ہیں جنہیں اداکاری تک نہیں آتی لیکن پھر بھی وہ اداکاری کررہے ہیں، میں انہیں سخت نا پسند کرتا ہوں‘۔
اپنی آنے والی پاکستانی فلم ’رنگریزا‘ کے حوالے سے گوہر کا کہنا تھا کہ وہ اس فلم میں ایک ’بدتمیز‘ قوال کا کردار ادا کر رہے ہیں جو پان کھاتے ہیں اور یقیناً یہ مداحوں کے لیے خاصا دلچسپ ہوگا۔
تبصرے (1) بند ہیں