• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

قرآن کو نصاب میں شامل کرنے کی تجویز مسترد

شائع August 4, 2016

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے حکومت کی جانب سے قرآن پاک کی تعلیمات کو اسکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے کتابوں کا ایک سیٹ اسلامی نظریاتی کونسل کو نظر ثانی کے لیے بھیجا تھا، جن میں قرآنی آیات تراجم کے ساتھ شامل کی گئی تھیں۔

وزارت نے ان کتابوں کو دسویں جماعت تک اسکولوں میں پڑھانے کی تجویز دی تھی۔

تاہم اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین نے ان کتابوں میں بہت سی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اسکولوں کے سلیبس میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔

دوسری جانب کونسل کے اراکین نے اپنے 3 روزہ اجلاس کے دوسرے دن چائلڈ پروٹیکشن بل کے مسودے پر بھی اعتراضات اٹھائے۔

کونسل نے وزارت قانون کی جانب سے بھیجے گئے ہاگ کنونشن برائے والدین کی ذمہ داریوں اور بچوں کی حفاظت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فیصلہ دیا کہ پاکستان کو اس پر دستخط نہیں کرنے چاہئیں۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی کی زیر صدارت ہوا، جس میں کہا گیا کہ ہاگ کنونشن کی کچھ شقیں پاکستانی آئین سے متصادم ہیں۔

کونسل نے ہاگ کنونشن کی 68 میں سے 21 شقوں پر بحث کی اور قرار دیا کہ بچوں کی پرورش اور تحویل کے حوالے سے کنونشن کی شق نمبر 20 بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل ہاگ کنونشن کا جائزہ جمعرات 4 اگست تک مکمل کرلے گی، اس کے علاوہ اجلاس کا ایک اور اہم ایجنڈا کونسل کی جانب سے تیار کیے گئے تحفظ نسواں بل کی منظوری بھی ہے۔

یہ خبر 4 اگست 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024