ایپل کا آئی فون 7 کا نام بدلنے کا فیصلہ؟
ایپل کا نیا فون رواں سال ستمبر میں متعارف کرایا جارہا ہے مگر لوگوں کو اس بات سے دھچکا لگ سکتا ہے کہ اس بار آئی فون سیون کی بجائے سکس ایس ای کے نام سے اس ڈیوائس کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
نئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل نے آئی فون 7 کو بچانے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے نئے سیٹ کو آئی فون سکس ایس ای کا نام دیا ہے۔
اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ نیا اسمارٹ فون گزشتہ سال کی ڈیوائس جیسا ہی ہے بس چند معمولی تبدیلیاں ہی دیکھنے میں آئیں گی۔
اس نئے فون میں پہلے سے بڑا کیمرہ، ہیڈ فون جیک کا خاتمہ اور 16 جی بی کی جگہ 32 جی بی ماڈل جیسے اضافے کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں ایپل نے آئی فون ایس ای کو متعارف کرایا تھا اور اسی کو دیکھتے ہوئے اس نے نئے فلیگ شپ فون کو سکس ایس ای کا نام دینا کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آئی فون سیون کو اس ڈیوائس کی 10 سالگرہ کے موقع پر 2017 میں پیش کیا جائے گا۔
ایپل کی جانب سے یہ نیا آئی فون جمعہ 16 ستمبر کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ایپل عام طور پر اپنے نئے آئی فون کو متعارف کرانے کے 15 روز بعد فروخت کے لیے پیش کرتی ہے۔
اس سال ایپل کی جانب سے ممکنہ طور پر دو یا تین نئے آئی فونز، ایک نئی ایپل واچ اور آئی پیڈ پرو کا سیکنڈ ورژن متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔
یہ نئی ڈیوائس آئی او ایس ٹین پر چلیں گی جبکہ اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں موجود ایک فیچر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ نیا فون ماضی کے مقابلے میں زیادہ واٹر ریزیزٹنٹ ہوگا۔