• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

’کامیڈی فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں‘

شائع July 26, 2016
بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ — فوٹو/ پبلسٹی
بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ — فوٹو/ پبلسٹی

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا کیرئیر شروع ہوئے کچھ ہی عرصہ گزرا ہے لیکن انہوں نے اس دوران کئی منفرد کردار ادا کیے ہیں اور اب وہ کامیڈی فلموں میں کام کرنے میں بھی دلچسپی لے رہی ہیں۔

2012 کی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے اپنا کیرئیر شروع کرنے والی عالیہ بھٹ ’ہائی وے‘ اور ’اڑتا پنجاب‘ جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اداکارہ چیلنجنگ کردار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ہندوستانی ویب سائٹ دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ وہ مزاح سے بھرپور فلمیں کرنا چاہتی ہیں۔

مزید پڑھیں: عالیہ بھٹ کے کیرئیر کا مشکل ترین کردار

23 سالہ عالیہ نے کہا ’میں ایک بات واضح کردینا چاہتی ہوں کہ میں ان اداکاروں میں شمار نہیں ہونا چاہتی جو ایک ہی انداز کی فلمیں کرتے ہوں، ظاہر ہے میں سچائی پر مبنی فلمیں کرنا چاہتی ہوں، لیکن مجھے ایسی فلمیں بھی کرنی ہیں جو ان سے بالکل منفرد ہوں، مجھے انٹرٹینمنٹ فلموں میں بھی کام کرنا ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں کامیڈی فلموں میں بھی کام کرنا چاہتی ہوں، لوگوں کو لگا تھا کہ میری فلم ’شاندار‘ کامیڈی ہے لیکن مجھے ایسا بالکل نہیں لگا‘۔

عالیہ اس وقت کرن جوہر کی فلم ’بدریناتھ کی دلہنیا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ ورن دھون اہم کردار ادا کریں گے۔

اس سے قبل عالیہ، ورن کے ساتھ ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ میں بھی کام کرچکی ہیں، اس حوالے سے عالیہ کا کہنا تھا کہ 'یہ دونوں فلمیں ایک دوسرے سے بالکل منفرد ہیں، صرف اداکار وہی ہیں لیکن کہانی الگ ہے، ایسی فلموں کا حصہ بننا دلچسپ ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کی اگلی فلم عالیہ بھٹ کے ساتھ

اس کے علاوہ عالیہ بہت جلد شاہ رخ خان کے ساتھ بھی ایک فلم ’ڈیئر زندگی‘ میں کام کرتی نظر آئیں گی جس میں ان کے ہمراہ پاکستانی اداکار علی ظفر بھی موجود ہیں۔

اتنے مصروف شیڈول کے باوجود عالیہ بھٹ کا اپنے لیے بھی وقت نکالنا بے حد ضروری ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہاں مجھے کچھ وقت اکیلے گزارنا ہے، سب سے دور اور جب میں واپس آؤں گی تو خود کو مزید جوان محسوس کروں گی، مجھے دوسروں کا نہیں معلوم لیکن مجھے کام سے تھوڑا وقفہ بھی چاہیے‘۔

واضح رہے کہ عالیہ کی آخری ریلیز فلم ’کپور اینڈ سنز‘ نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی تھی جس میں ان کے کردار کو کافی پسند کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024