شانگلہ : غیرت کے نام پر حاملہ خاتون قتل
شانگلہ: خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ایک شخص نے بھائی کی مدد سے غیرت کے نام پر اپنی حاملہ بیوی کو قتل کردیا۔
بیشام کے ضلع شانگلہ کے علاقے مائرا میں ڈنڈائی پولیس کی حدود میں غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ پیش آیا۔
ایس ایچ او ڈنڈائی پولیس اسٹیشن افضل خان کا کہنا تھا کہ مقتول خاتون کے بھائی نے ابتدائی معلومات میں کہا کہ ان کی بہن کی متعلقہ شخص سے 14 سال قبل شادی ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں جبکہ وہ ان کی بیوی کو مارپٹ کرتا تھا اور بھائی کے گھر جانے کی اجازت بھی نہیں دیتا تھا۔
مزید پڑھیں:کندھ کوٹ : غیرت کے نام پر 2 افراد قتل
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ خاتون 5 ماہ کی حاملہ تھی۔
افضل خان کے مطابق درخواست گزار نے ایف آئی آر درج کراتے وقت کہا کہ ان کی بہن کو ان کے شوہر اور شوہر کے بھائی نے پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
افضل خان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے مبینہ قاتل شوہر کے بھائی کے خلاف ایف آئی آر درج کردیا ہے اور ان کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں جبکہ قتل میں مبینہ طورپر شامل شوہر کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا غیرت کے نام پر قتل کےخلاف بل منظور کرانے کا اعلان
ایس ایچ او نے کہا کہ ڈنڈائی پولیس اسٹیشن کی حدود میں گزشتہ 8 ماہ کے دوران غیرت کے نام پر 3 افراد قتل ہوچکے ہیں اور اکثر قاتلوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ کچھ نے آپس میں معاملات طے کر دیئے۔
خیال رہے کہ ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل لانے کا اعلان کیا تھا جبکہ دو روز قبل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ قائمہ کمیٹی نے غیرت کے نام پر قتل اور انسداد عصمت دری کے دو بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا ہے۔