تاجر اتحاد کا رینجرز اختیارات میں توسیع کا مطالبہ
کراچی: آل کراچی تاجر اتحاد نے سندھ حکومت سے رینجرز اختیارات میں فوری توسیع کا مطالبہ کردیا ہے۔
ڈان نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق آل کراچی تاجر اتحاد کے سربراہ عتیق میر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات بحال نہ کیے تو تاجر وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔
انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ رینجرز کو اختیارات نہ ملنے سے شہر میں جرائم میں اضافے ہوگا جبکہ چھپے ہوئے بھتہ خور دوبارہ باہر نکل آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ ملک کی معیشت کو بچانے کے لیے فوج کو بلانے کا مطالبہ کرنے لگیں۔
عتیق میر کا مزید کہنا تھا کہ تجارتی انجمنز کا ہنگامی اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کو اختیارات نہ دیئے جانے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ رینجرز کو دیے گے اختیارات دو روز قبل ختم ہوچکے ہیں اور ان میں مزید توسیع کی سمری پر سندھ حکومت نے اب تک دستخط نہیں کیے ہیں جبکہ اس حوالے سے وفاقی حکومت نے بھی سندھ حکومت پر دباؤ ڈالا ہے، تاہم سندھ میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے سندھ کی صوبائی حکومت کے کچھ تحفظات ہیں، جن کو دور کیے جانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔