وزیراعظم کی طبیعت ناساز، اسلام آباد واپسی ملتوی
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت ناساز ہے اور انھیں بخار ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی ٹانگ کے زخم میں بھی انفیکشن ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ان کی اسلام آباد آمد ملتوی ہوگئی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ 'وزیراعظم نواز شریف (جو اِن دنوں لاہور میں مقیم ہیں) نے کل صبح (منگل 19 جولائی) کو اسلام آباد آنا تھا، تاہم ٹانگ کے زخم میں انفیکشن اور بخار کے باعث وہ اسلام آباد نہیں آسکیں گے۔'
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے وزیراعظم کی ٹانگ کے انفیکشن کا علاج شروع کر دیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ علاج کے بعد وزیراعظم اسلام آباد پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری
یاد رہے کہ رواں برس 31 مئی کو لندن کے ایک ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔
آپریشن کے بعد شہباز شریف نے بتایا تھا کہ نواز شریف کے دل کا آپریشن کامیاب رہا اور ان کے 4 بائی پاس ہوئے۔
بعدازاں ڈاکٹروں سے سفر کی اجازت ملنے کے بعد رواں ماہ 9 جولائی کو وزیراعظم اپنے اہلِ خانہ کے افراد کے ہمراہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی 48 دن بعد پاکستان واپسی
وزیراعظم ایک ایسے وقت میں طبی دورے پر لندن گئے تھے، جب پاناما لیکس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔
ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان ہیں یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔