کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم کے خلاف پاکستان بھر میں مظاہرے
ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں نہتے عوام پر فورسز کے مظالم کے خلاف پاکستان بھر میں مظاہرے ہوئے۔
کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے مظاہرے کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور مظفر آباد سمیت دیگر شہروں میں ہوئے، جن میں ہزاروں مظاہرین نے شرکت کی اور ہندوستان کے کشمیر پر تسلط کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں مظاہرین نے ہندوستانی پرچم بھی نذر آتش کیا جبکہ اس موقع پر برہان وانی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
گذشتہ ہفتے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہانی وانی کی ہندوستانی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے مسلسل مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فورسز کی فائرنگ سے اب تک 34 بے گناہ کشمیری ہلاک اور 1500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حریت رہنمائوں نے ہڑتال میں آج بروز جمعے تک کی توسیع کی تھی اور نماز جمعہ کے بعد بڑے مظاہرے کا امکان تھا جب کہ گزشتہ 6 روز سے مسلسل کرفیو بھی نافذ ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ہندوستانی حکومت کو کشمیری عوام کو اپنائیت اور تحفظ کا احساس دلانے کیلئے کوئی اور راستہ اختیار کرنے پڑے گا۔