• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:50pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:50pm

آزاد کشمیر : دو گروپوں میں تصادم سے ایک شخص ہلاک

مظفر آباد : پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک کارکن ہلاک ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 25 سالہ نوجوان کی شناخت راجہ آصف کے نام سے ہوئی، جس کا مبینہ طور پر مسلم کانفرنس سے تعلق تھا۔

آزاد کشمیر کی ریاستی انتخابات کے لیے حلقہ نمبر 4 سے مسلم کانفرنس کے نامزد امیدوار راجہ ثاقب مجید نے دعویٰ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے ہمارے کارکن کو گولی ماری۔

راجہ ثاقب مجید کا مزید کہنا تھا کہ راجہ آصف کو بترا بازار میں روک کر نشانہ بنایا گیا۔

ڈان نیوز نے اس حوالے سے رپورٹ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم کانفرنس کے کارکنوں کے درمیان تصادم جھنڈے لگانے کے معاملے پر ہوا تھا۔

رپورٹس کے مطابق 25 سالہ راجہ آصف کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔

ہلاکت کے بعد مسلم کانفرنس کے کارکنوں نے مظفر آباد کا مرکزی شاہراہ بند کرکے سخت احتجاج کیا۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات، 'سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کی جائیگی'

تھانہ کلیاں پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او راجہ منصف کے مطابق چنال بنگ میں قتل ہونے والے راجہ آصف کے ورثا نے تاحال اس واقعے کی درخواست نہیں دی، جب درخواست دی جائے گی تو قانون کے مطابق کاروائی کریں گے۔

حلقہ 4 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان کا کہنا ہے کہ راجہ آصف کا اس کے قریبی عزیز سے 6 ماہ سے تنازع چل رہا تھا، اس لیے دو خاندانوں کے معاملے کو مسلم لیگ کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ راجہ آصف کے قاتل نے پہلے بھی ایک قتل کیا تھا اور وہ حال ہی میں جیل سے چھوٹ کر آیا ہے۔

دوسری جانب مسلم کانفرنس کے کارکنان نے قاتل کا گھر جلا دیا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 21 جولائی کو ہو رہے ہیں اور حکومت نے اعلان کیا تھا کہ انتخابات کے دوران فوج تعینات کی جائے گی۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے کُل 41 حلقوں میں انتخابات 21 جولائی کو ہونے جارہے ہیں، جن میں سے 29 حلقے آزاد کشمیر جبکہ 12 انتخابی حلقے پاکستان میں ہیں۔

انتخابات کے لیے 23 ہزار فوجی اہلکار، اور 4 ہزار رینجرز اہلکار تعینات کیے جائیں گے، آزاد کشمیر میں پہلی بار اتنی بھاری تعداد میں فوج تعینات کی جارہی ہے۔

پرویز رشید کا بیان : 'وزیراعظم آزاد کشمیر کی نگرانی میں قتل وغارت جاری'

رواں ہفتے حلقہ ایل اے 16 حویلی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کارکنوں میں تصادم کے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور امیدوار اسمبلی چوہدری عزیز گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد پورے حلقے میں حالات خراب ہوئے۔

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے پہلے گالی کا استعمال کیا اور اب گالی گولی میں تبدیل ہوچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2025
کارٹون : 23 اپریل 2025