قطر کا پاکستان سے سپر مشاق طیارے خریدنے کا معاہدہ
اسلام آباد: قطر کا پاکستان سے سُپر مُشاق ٹریننگ طیارے خریدنے کا معاہدہ طے پاگیا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ میں ہوئی، جہاں قطر کی حکومت کی جانب سے قطر ایئر اکیڈمی کے کمانڈر جنرل سلیم حامد النبت نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کے نائب چیئرمین ایئر وائس مارشل ارشد ملک نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
قطر پاکستان سے کتنے مُشاق طیارے خریدے گا، اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئرشو میں پاکستانی طیاروں کی دھوم
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دوحہ میں ہونے والے ایئر شو میں قطر نے طیاروں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی تھی اور قطر اپنی ایئر فورس ٹریننگ اکیڈمی کے لیے، پاکستان سے طیارے خرید رہا ہے۔
سپر مشاق طیارہ، مشاق ٹریننگ طیارے کی جدید شکل ہے اور یہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کے تحت کامرہ میں طیار کیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: نائیجیریا،آذربائیجان جے ایف17 خریدنے کے خواہشمند
یہ طیارے پاکستان ایئر فورس کے علاوہ سعودی اور عراقی فضائیہ بھی پائلٹوں کی بنیادی تربیت کے لیے استعمال کرتی ہے۔
سپر مشاق طیارہ 22 ہزار فٹ کی بلندی تک 268 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔