پی ایچ ایف نے 'تیزتر' ہاکی لیگ متعارف کرادی
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیرانتظام 5 کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم کی ہاکی لیگ 18 جون کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگی جس میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی اور تمام میچز فلڈ لائٹ میں ہوں گے۔
ہاکی لیگ کے ڈائریکٹر طاہر زمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے لیگ کے لیے بنائے گئے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کو تیز تر بنانے کے لیے اسٹیڈیم کی لمبائی میں 50 گز جبکہ چوڑائی میں 10 گز تک کمی کی گئی ہے۔
طاہر زمان کے مطابق گیند سائن بورڈز سے ٹکرانے کے بعد میدان میں آنے پر کھیل کو وہیں سے جاری رکھا جائے گا جس سے میچ میں تیزرفتاری کے عمل کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
پی ایچ ایف کو ٹورنامنٹ کے انتظام کے لیے او جی ڈی سی ایل نے ایک کروڑ روپے جاری کردیے ہیں۔
طاہر زمان کا کہنا تھا کہ لیگ میں اسلام آباد فائٹرز، کوئٹہ واریئرز، فیصل آباد ایکسپریس، کراچی شارک، لاہور لائنز اور پشاور پینتھرز پر مشتمل 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
لیگ کی فاتح ٹیم کو 7 لاکھ، فائنل تک رسائی کرنے والی دوسری ٹیم کے لیے 5 لاکھ، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 4 ، چوتھے نمبر والی ٹیم کو 3، نمبر پانچ پر موجود ٹیم کو 2 لاکھ اور آخری ٹیم کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز احمد کا سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک ٹیم میں پانچ کھلاڑیوں پر مشتمل ہاکی لیگ کا خیال لوگوں میں کھیل کی مقبولیت کو بڑھانے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔
شہباز احمد کا کہنا تھا کہ لیگ پر 60 سے 70 لاکھ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔
لیگ میں شامل ہر کھلاڑی کو انعامی رقم میں حصے کے علاوہ میچ فیس بھی دی جائے گی۔
ہاکی لیگ 18 جون کو شروع ہو کر 25 جون کو اختتام پذیر ہوگی۔
یہ خبر 17 جون کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔