دودھ کے 11 حیرت انگیز طریقہ استعمال
دودھ صحت کے لیے بہت ضروری ہے، اس بات سے انکار ممکن نہیں۔
مگر کیا آپ آج تک اسے پیتے ہی رہے ہیں ؟ اگر ہاں تو آپ اس مشروب کے چند بہترین گھریلو طریقہ استعمال سے ناواقف ہوں گے جو اسے ہر حوالے سے بہترین بنا دیتا ہے۔
جلد کا علاج
اگر آپ کی جلد معمولی سے جل گئی ہے تو ایک کپڑے کو دودھ میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر 15 منٹ تک لگائے رکھیں یا ہاتھ یا پیر پر جلنے سے ہونے والے زخم کو دودھ کے ایک ڈونگے میں 15 منٹ تک کے لیے بھگو دیں۔ یہ عمل چند گھنٹوں کے لیے کئی بار دہرائیں تاکہ زخم کا علاج اور درد ہوسکے۔ دودھ میں موجود ہائی فیٹ اور پروٹین جلد کے ٹھیک ہونے کے عمل کو تیز کردیتے ہیں جبکہ اس کے نتیجے میں جلد ٹھنڈی ہوجاتی ہے جس سے زخم تیزی سے صحیح ہونے لگتا ہے۔
چینی کے برتنوں کی مرمت
اگر آپ کے چینی کے برتن وقت کے ساتھ کمزور ہونے لگے ہیں یا ان پر دراڑیں نمایاں ہونے لگی ہیں تو آپ ان معمولی کریکس کو دودھ کی مدد سے ٹھیک کرسکتے ہیں۔ ایک برتن کو تازہ یا پاﺅڈر سے بنے دودھ سے بھریں اور پلیٹوں کو اس میں بھگو کر ابالنے کے لیے چولہے پر رکھ دیں، دھیمی آنچ پر دودھ کو 40 سے 45 منٹ تک ابلنے دیں، جس کے بعد پلیٹ کو نکال دیں، آپ دیکھیں گے کہ اس پر موجود دراڑیں غائب ہوگئی ہیں۔
سلور کے برتنوں کو چمکائیں
سلور کے برتنوں کی چمک ماند ہوجانے کی صورت میں دودھ مددگار ثابت ہوتا ہے، ایک کپ میں ایک چمچ سرکہ ڈالیں اور پھر اس کو دودھ سے بھر دیں۔ اس دودھ کو اپنے سلور کے برتنوں پر ڈال دیں اور آدھے گھنٹے تک کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد صابن ملے گرم پانی سے دھو لیں۔ آخر میں برتنوں کو نرم کپڑے سے صاف کرلیں وہ بالکل نئے کی طرح چمکنے لگیں گے۔
جلد کی نمی
اپنے جلد کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ایک سے دو کہ پاﺅڈر ملک کو نہانے کے پانی میں شامل کردیں اور پھر نہا لیں، جس کے بعد جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔ یا پاﺅڈر ملک کو پانی کی مناسب مقدار میں ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ بنالیں، اسے اپنے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے دیں، اس کے بعد گرم پانی سے دھولیں۔
خراب لیدر شوز کو نیا بنائیں
اپنے پسندیدہ خستہ حال لیدر شوز کو ایک بار پھر نئے جیسا بنانے کے لیے ایک کپڑے کو دودھ میں بھگوئیں اور نرمی سے جوتوں کو اس سے صاف کریں۔ دودھ کو خشک ہونے دیں اور پھر ایک اور نرم کپڑے سے اسے صاف کرلیں۔ آپ اس کی خستہ حالی اور نشانات غائب دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
کپڑوں سے انک کے نشانات ختم کریں
اگر غلطی سے آپ نے کسی کپڑے پر قلم کی سیاہی کو انڈیل دیا ہے تو اسے کسی بیسن میں دودھ میں بھگو کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں اور پھر اگلے دن واشنگ مشین میں ڈال کر دھو لیں۔ دودھ کی داغ صاف کرنے والی قدرتی طاقت کو مضبوط بنانے کے لیے اس میں لیموں کے عرق کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ اگر قالین پر سیاہی کا نشان ہو تو دودھ کو میدے میں ملا کر ایک پیسٹ بنالیں اور اسے نشان پر لگائیں۔ اس پیسٹ کو خشک ہونے دیں اور پھر اسے صاف کرلیں۔
میک اپ اتاریں
روئی کی کچھ مقدار کو بادام کے دودھ میں بھگوئیں اور اپنے چہرے پر پھیر کر میک کو صاف کرلیں، اس عمل کے نتیجے میں جلد بھی ملائم ہوگی۔
بالوں میں نئی زندگی لائیں
دودھ پروٹین اور قدرتی خامروں سے بھرپور ہوتا ہے اس لیے یہ بالوں میں نئی زندگی لانے کے لیے بہترین کنڈیشنر بھی ثابت ہوتا ہے، بالوں کو شیمپو سے دھونے کے بعد 1/8 کپ دودھ کو اپنے بالوں پر انڈلیں اور پھر دھو لیں۔
کیڑوں کے کاٹنے سے ہونے والی تکلیف سے نجات
دودھ، نمک اور پانی کو ملا کر ایک پیسٹ بنائیں اور انہیں مختلف کیڑوں کے کاٹنے کے لیے استعمال کریں، متاثرہ جگہ پر اس پیسٹ کا استعمال سرخی اور خارش کو ختم کردیتا ہے۔
شیونگ کریم بنائیں
دودھ شیونگ کریم کا بہترین متبادل بھی ثابت ہوتا ہے جس کی وجہ اس میں موجود کریم ہوتی ہے، جبکہ یہ جلد کو بھی سکون پہنچاتا ہے جو ایسے افراد کے لیے فائدہ مند ہے جنھیں شیونگ کے بعد خارش کی شکایت ہوتی ہے۔ پانی اور دودھ کو ملا کر ایک پیسٹ بنائیں اور پھر اسے ضرورت پڑنے پر استعمال کریں۔
زبان جلنے کا علاج
اگر مصالحے دار غذا کے استعمال سے زبان جلنے لگی ہتو دودھ تکلیف روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ایسے کھانوں میں موجود اجزاءزبان میں تکلیف کا باعث بننے والے ریسیپٹرز کو متحرک کردیتے ہیں، تاہم دودھ میں موجود آئل اس جلن میں کمی لاتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (5) بند ہیں