مائیکروسافٹ مقبول سوشل نیٹ ورک خریدنے کیلئے تیار
لنکڈن دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹس میں سے ایک ہے اور اب مائیکروسافٹ نے اسے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جی ہاں مائیکروسافٹ 26.2 ارب ڈالرز کے عوض لنکڈن کو خرید رہی ہے۔
کمپنی کا ارادہ ہے کہ کیرئیر کے حوالے سے بہترین اس سوشل نیٹ ورک کو اپنی ایپس اور سروسز جیسے آفس، اسکائپ وغیرہ کا حصہ بنالے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ وہ لنکڈن کی مجموعی خودمختاری کو برقرار رکھے گی جبکہ موجودہ سی ای او جیف وائنیر بھی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ اس حوالے سے معاہدہ رواں سال کسی وقت ہوجائے گا۔
مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیہ ناڈیلا کا کہنا ہے کہ لنکڈن پروفیشنل افراد کی دنیا کو کنکٹ کرنے میں بہترین کام کررہی ہے اور اس کے ساتھ ملکر ہم اس سائٹ کی ترقی کو تیزی سے آگے لے جاسکتے ہیں، جبکہ اس سائٹ سے سبسکرپشن اور ٹارگٹڈ اشتہارات کے ذریعے آمدنی کے حصول کے مواقع بھی موجود ہیں۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ مائیکروسافٹ کا بہت بڑا قدم ہے کیونکہ وہ پہلی بار سوشل نیٹ ورکنگ کی دنیا میں ایک بڑے دھماکے کے ساتھ داخل ہونے والی ہے۔
لنکڈن کی اگرچہ فیس بک یا ٹوئٹر سے براہ راست مسابقت نہیں تاہم اس کے صارفین کی تعداد 433 ملین ہے، جبکہ ایسا بھی نظر آتا ہے کہ مائیکروسافٹ اب ونڈوز پر انحصار کم کرکے اپنی توجہ کلاﺅڈ سروسز کی جانب بڑھا رہی ہے۔
خیال رہے کہ فیس بک نے بھی کچھ سال قبل اسی طرح مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالرز کے عوض خریدا تھا۔