حج کرپشن کیس، حامد سعید کاظمی کی سزا کے خلاف اپیل
اسلام آباد: کرپشن کیس کے مجرم حامد سعید کاظمی نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی،رجسٹرار آفس کی طرف سے لگا ئے گئے اعتراضات بھی دور کر دیئے گئے۔
مزید پڑھیں: حج کرپشن کیس:سابق وفاقی وزیر کو 16 سال قید
سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے لطیف کھوسہ ایڈوکیٹ کے توسط سے عدالت عالیہ میں اسپیشل جج سنٹرل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ راؤ شکیل کی بطور ڈی جی حج تقرری سے حامد سعید کاظمی کا کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی انہیں حجاج کرام کے لیے کرائے پر عمارتیں حاصل کرنے کا اختیارتھا۔ معلوم ہوتا ہے کہ عدالت نے میڈیا ٹرائل سے متاثر ہو کر فیصلہ سنایا۔
درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کے تین جون کے فیصلے کو کالعدم قراردیا جائے۔
ٹرائل کورٹ نے تین جون کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16سال قید اور 15کروڑ روپے سے زائد جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔