• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ماروی سرمد،حمداللہ معاملے پر ٹی وی چینل کو نوٹس

شائع June 12, 2016

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اور سماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان ٹی وی پروگرام میں ہونے والی تلخ کلامی اور دھمکی آمیز گفتگو نشر کرنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔

پیمرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیوز ون (News One) ٹی وی چینل نے ’ٹین پی ایم ود نادیہ مرزا‘ نامی پروگرام میں ماروی سرمد اور سینیٹر حافظ حمداللہ کے درمیان ہونے والی تلخ گفتگو 4 منٹ 9 سیکنڈز تک نشر کی جبکہ اس دوران گالیاں بھی دی گئیں اور نوبت یہاں تک پہنچ آئی کہ اگر دیگر مہمان بیچ بچاؤ نہ کرواتے تو سینیٹر حافظ حمد اللہ ماروی سرمد پر ہاتھ اٹھا دیتے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی وی شو میں جے یو آئی کے سینیٹر کی خاتون سے 'بدکلامی'

پیمرا نے مزید کہا کہ پروگرام کی میزبان نادیہ مرزا کی جانب سے مہمانوں کے مائیک بند نہیں کروائے گئے، یہ نہایت غیر ذمہ دارانہ، تضحیک آمیز اور غیر پیشہ وارانہ رویہ ہے، جس سے پروگرام میں موجود مہمانوں کی عزت نفس مجروح ہوئی جبکہ ناظرین نے بھی اسے ناپسند کیا۔

— بشکریہ رضا بنگش
— بشکریہ رضا بنگش

نوٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ تضحیک، گالیوں اور دھمکیوں کا یہ سلسلہ بظاہر جان بوجھ کر بغیر کسی رکاوٹ کے چلنے دیا گیا، یہ سب کچھ پروگرام کے مہمانوں کی عزت کی قیمت پر سستی ریٹنگ کے چسکے کیلئے کیا گیا جو سراسر صحافتی اصولوں کے خلاف ہے۔

مزید پڑھیں : حمد اللہ- ماروی تنازع: قومی اسمبلی میں احتجاج

پیمرا نے نجی ٹی وی چینل کے حوالے سے یہ بھی کہا ہے کہ یہ پروگرام ریکارڈ شدہ تھا جو کہ براہ راست نشر نہیں ہوا، اس لیے ایسی گفتگو نشر کرنے کا مقصد اشتعال انگیزی اور انتشار پھیلانے کے مترادف ہے۔

الیکٹرانک میڈیا کے قوانین پر عملدرآمد کروانے والے ادارے پیمرا نے نیوز ون ٹی وی سے ایک ہفتے میں اس معاملے پر جواب طلب کیا ہے جبکہ جواب جمع نہ کروانے کی صورت میں مذکورہ پروگرام بند کرنے اور 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیے جانے کا انتباہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل نجی ٹی وی چینل نیوز ون کے ایک ٹاک شو میں حالیہ دنوں میں پاکستان میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل پر ہونے والے مباحثے کے دوران جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اس وقت شدید اشتعال میں آ گئے جب ماروی سرمد نے بیرسٹر مسرور کے اسلامی نظریاتی کونسل کے خلاف سخت موقف کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھیں : ماروی سرمدکی درخواست پرسینیٹرحمداللہ پرمقدمہ

ٹی وی شو کے دوران جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے مبینہ طور پر سماجی کارکن ماروی سرمد سے بدکلامی کی تھی جبکہ پروگرام میں شریک دونوں افراد نے ایک دوسرے کو دھمکیاں بھی دی تھی، ماروی سرمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر جسمانی طور پر بھی تشدد کی کوشش کی گئی تھی۔

گذشتہ روز جے یو آئی(ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ کے خلاف ماوری سرمد کی درخواست پر وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ بھی درج کیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Jun 12, 2016 11:36pm
پیمرا کا یہ اقدام بروقت اور درست ھے ریکارڈیڈ پروگرام کو اسطرح چلانا سستی شہرت حاصل کرنا تھا پروگرام میں واقعے کے وقت وقفہ بھی کرایا جاسکتا تھا ہماری میڈیا کو بہت زیادہ اور بلا ضرورت ازادی دی گئی ھے اکثر ٹالک شو میں محالف پارٹی کے مہمانوں کو بلا کر اپس میں لڑایا جاتا ھے یہ کام بہت عرصے سے ھورہا ھے بظاہر اسکا مقصد سیاستدانوں کو بدنام کرنا ھوتا ھے ایک ہی اینکر ہر مسئلے کا ماہر ھوتا ھے پیمرا کو اس پروپیگنڈے کو بند کرنا ھوگا ایک ضابطہ اخلاق بنا ھوگا جسکی خلاف ورزی پر باری جرمانہ اور چینل بند چاہئے ھوگا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024