'3سال میں اسکواش میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرلیں گے'
اسلام آباد: پاکستان اسکواش کے عظیم سابق اسٹار جان شیر خان کا کہنا ہے کہ ملک میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان اس کھیل میں اپنی کھوئی ہوئی عظمت کو دوبارہ حاصل کرے گا۔
خبررساں ادارے اے پی پی کو انٹرویو میں جان شیر خان نے کہا کہ ' یہ خوش آئند بات ہے کہ اس وقت ہماری اکیڈمیز میں بڑی تعداد میں اچھے لڑکے موجود ہیں، جس طرح وہ اسکواش پراپنی دلچسپی دکھا رہےہیں اور تربیت کے حصول میں مصروف ہیں، یقین ہے کہ اگلے دو سے تین سال میں اسکواش میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کر لیں گے'۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے فٹنس بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔
سابق عالمی چمپیئن جان شیر خان پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے صدر کے مشیر بھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 'میں مستقل یہ کہتا آرہا ہوں کی صلاحیتوں کے اعتبار سے ہمارے کھلاڑی اسکواش کھیلنے والے دیگر ملکوں کے کھلاڑیوں سے بہت آگے ہیں لیکن جب فٹنس کی بات آتی ہے وہ پیچھے چلے جاتے ہیں'۔
ملک میں اسکواش کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ' پی ایس ایف کے صدر ائر چیف مارشل سہیل امان نے اس حوالے سے فیصلے کیے ہیں جس سے ہماری اسکواش کو نئی سمت ملے گی'۔
سہولیات پربات کرتے ہوئے سابق اسٹار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو عالمی طرز کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
جان شیر نے کہا کہ 'اسکواش کھیلنے کے خواہشمند کھلاڑیوں کے لیے مختلف شہروں میں اکیڈمیز بنائی گئی ہیں جبکہ میں خود پشاور میں پاکستان ائر فورس اکیڈمی کی معاونت کررہا ہوں جہاں مختلف عمروں کے 32 کھلاڑیوں کے گروپس کو تربیت دی جارہی ہے'۔
برٹش اوپن کے سابق چمپیئن کا کہنا تھا کہ ' میں نے نوجوانوں کو کھیلتے دیکھا ہے ان کے کھیلنے کا انداز متاثر کن ہے اور میں انھیں باور کروارہا ہوں کہ وہ اپنے کھیل کو بہتر کرنے کے لیے سخت محنت کے ساتھ ساتھ فٹنس کو بھی بہتر کریں، یہ وہ چیز ہے جو ہمیں اسکواش میں اپنی عظمت دوبارہ دلائے گی'۔
یہ خبر 10 جون کو ڈان اخبار میں شائع میں ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔