لیگی رہنما شیخ روحیل اصغرکی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد: مقامی عدالت نے سیکیورٹی گارڈ قتل کیس میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی نے نجی کمپنی کے سیکورٹی گارڈ راز محمد کی ہلاکت کے معاملہ پر لیگی رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
ملزم شیخ روحیل اصغر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مدعی مقدمہ کا وکیل بھی پیش ہوا۔
دوران سماعت ملزم روحیل اصغر کے وکیل ضیاء حسین کاظمی نے دلائل دیئے کہ مقدمہ میں لگائی گئیں دفعات قابل ضمانت ہیں اور پولیس نے بھی ان کے موکل کو چالان کے خانہ نمبر 2 میں رکھ کر بے گناہ قرار دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں:لیگی رہنما روحیل اصغر پر عدالتی حکم پر مقدمہ درج
وکیل صفائی نے مزید دلائل دیئے کہ 10 اگست 2015 کی شب جب یہ واقعہ ہوا تھا اس روز ان کا موکل نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک تھا، جبکہ پولیس کو پروگرام کی سی ڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔
مدعی مقدمہ کے وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ کیا اس ملک میں غریب صرف سڑکوں پر کچلنے کے لیے بنے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ملزم نشے میں دھت ہو کر گاڑی چلا رہا تھا، جس نے راز محمد کو گاڑی کے نیچے دے کر ہلاک کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے حکمران جماعت سے تعلق ہونے کی وجہ سے ملزم کے خلاف قتل خطا کی دفعہ نہیں لگائی، جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اس ملک میں امیر غریبوں کو شودر سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لیگی رہنما روحیل اصغر کے وارنٹ گرفتاری جاری
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم شیخ روحیل اصغر کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو بعد میں سنایا گیا۔
بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی نے ملزم شیخ روحیل اصغر کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 2 دن کے اندر علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ ملزم شیخ روحیل اصغر کے خلاف کوہسار پولیس نے 10 اگست 2015 کو نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ کو گاڑی کے نیچے کچلنے پر عدالتی حکم پر رواں سال 20 فروری کو مقدمہ درج کیا تھا۔
شیخ روحیل اصغر کے خلاف مقدمہ مقتول سیکیورٹی گارڈ کی اہلیہ شاہین بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
گذشتہ ماہ 30 مئی کو عدالت نے سماعت کے لیے پیش نہ ہونے پر شیخ روحیل اصغر اور ان کے سیکورٹی گارڈ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔