ماریہ شیراپووا پر دو سال کی پابندی عائد
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر روسی ٹینس اسٹار ماریہ شیرا پوا پر دو سال کی پابندی عائد کردی۔
ان کا ٹیسٹ رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے دوران لیا گیا تھا جبکہ ان کے ٹیسٹ کے نمونوں میں میلڈونیم نامی متنازع دوا پائی گئی۔
آئی ٹی ایف کی ویب سائٹ پر موجود اعلامیے میں بتایا گیا کہ خودمختار ٹریبونل نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کے آرٹیکل کے تحت ٹینس اسٹار پر دو سال کی پابندی عائد کی جس کا اطلاق 26 جنوری 2016 سے ہوگا۔
دوسری جانب ماریہ شیراپووا نے پابندی کے خلاف اپیل کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ٹریبونل کے فیصلے کو درست قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے قوانین جان بوجھ کر نہیں توڑے جس کی سزا دو سال کی پابندی مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'ٹریبونل کے اراکین نے اتفاق کیا کہ میں نے جان بوجھ کر کچھ نہیں کیا، اس کے باوجود وہ مجھ ٹینس سے دو سال تک دور رکھنا چاہتے ہیں۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ فوری طور پر کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اس حوالے سے اپیل کریں گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔