• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایان کا نام پھر ای سی ایل سےنکالنے کا حکم

شائع June 2, 2016

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ایک بار پھر ماڈل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی ڈویژنل بینچ نے ایان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا اور وفاق کے میمورینڈم کو کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر وفاق کو فیصلہ پر کوئی اعتراض ہے تو وہ سپریم کورٹ سے 7 روز کے اندر رجوع کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج

ماڈل ایان علی نے دسمبر 2015 میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر فیصلہ سناتے ہوئے 7 مارچ کو عدالت نے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وزارت داخلہ اور کسٹم حکام نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: ایان علی کی رہائی کا حکم جاری

عدالتی حکم پر وزارت داخلہ نے ماڈل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا، تاہم کسٹم حکام کی درخواست پر ایان علی کا نام چند گھنٹے بعد دوبارہ ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔

ایان علی نے عدالتی حکم عدولی پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، تاہم عدالت عظمیٰ نے انہیں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ماڈل ایان علی کو گزشتہ برس 14 مارچ کو اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

ملزمہ کی گرفتاری کے وقت ان کے 3 پاسپورٹ بھی ضبط کیے گئے تھے جن میں سے ایک کارآمد جبکہ دو منسوخ شدہ ہیں جن پر ویزے لگے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی پر فرد جرم عائد

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انھیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا۔

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024