• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
شائع November 4, 2016 اپ ڈیٹ November 5, 2016

کچھ دن پہلے میں اور میری بیوی نے اچانک ہی اچانک ترکی جانے کا منصوبہ بنا لیا۔ ہم نے اپنے ٹکٹ بُک کروائے، بیگ پیک کیے اور ترکی کی جانب نکل پڑے۔

ترکی قدیم یونانی اور رومن تہذیبوں کا گھر تھا جو بعد میں سلطنت عثمانیہ کا مرکز بھی رہا۔ ترکی میں ان مختلف تہذیبوں کے امتزاج نے مجھے ہمیشہ سے ہی مسحور کیا ہے۔ یہ ملک 3 لاکھ مربع میل تک پھیلا ہوا ہے اور اپنے اندر غیرمعمولی تاریخ اور ثقافت سموئے ہوئے ہے۔

شام میں جاری جنگ سے ترکی کے مشرقی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہم نے ان سے دور رہتے ہوئے اپنے دورے کا منصوبہ ایسا بنایا جس میں ہم اہم تاریخی مقامات بھی دیکھ سکیں۔

ترکی آنے والے تقریباً ہر سیاح کی طرح ہم نے بھی اپنی سیاحت کی شروعات استنبول سے کی، جہاں دو براعظموں، یورپ اور ایشیاء کا میلاپ ہوتا ہے۔

گلاتا ٹاور سے استنبول شہر کا ایک منظر — تصویر اویس بن سعید
گلاتا ٹاور سے استنبول شہر کا ایک منظر — تصویر اویس بن سعید

استنبول قدیم اور جدید ادوار کا ایک طلسماتی امتزاج ہے۔ ہمارا جہاز اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا جہاں ہم نے اس شہر کی ایک جھلک بھر دیکھی۔

کئی سارے ٹریول بلاگس میں دیے گئے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے ہم نے قیام کے لیے تاریخی ضلع سلطان احمد کا انتخاب کیا جہاں سے پورا شہر آسانی سے گھوما جا سکتا ہے۔

استنبول کو صرف چار دنوں میں دیکھنا جیسے ایک میراتھن میں دوڑ لگانے کے مترادف ہے۔ سفر کی ذہنی اور جسمانی تھکن کے باوجود بھی ہم نے جلد ہی اپنی پیٹھ پر بیگ لادے اور شاندار نیلی مسجد (جو مقامی طور پر سلطان احمد کے نام سے مشہور ہے) دیکھنے کے لیے سلطان احمد اسکوائر کی طرف روانہ ہو گئے۔

یہ مسجد 1616 میں عثمان سلطان احمد اول نے قسطنطنیہ کے محل کی بنیادوں پر تعمیر کروائی تھی۔ پرانے شہر کے قلب میں واقع مسجد کے بلند و بالا مینار استنبول کے عالیشان آسمانی پس منظر کے سامنے بہت دیدہ زیب محسوس ہوتے ہیں۔

شام کے پہر میں نیلی مسجد کا ایک منظر — تصویر اویس بن سعید
شام کے پہر میں نیلی مسجد کا ایک منظر — تصویر اویس بن سعید

نیلی مسجد کے ساتھ مسجد جیسا ہی شاندار حاجیہ صوفیہ (مقامی لوگوں میں آیا صوفیہ کے نام سے مشہور) نامی ایک بہت بڑا گرجا گھر واقع ہے جسے 537 عیسوی میں مشرقی سلطنت روم نے تعمیر کروایا تھا۔ 1453 میں قسطنطنیہ سلطنت عثمانیہ کے ہاتھوں فتح ہونے کے بعد گرجا گھر کو مسجد میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ جبکہ 1934 میں اسے ایک میوزیم کی حیثیت دے دی گئی تھی۔

حاجیہ صوفیہ — تصویر اویس بن سعید
حاجیہ صوفیہ — تصویر اویس بن سعید

حاجیہ صوفیہ کا اندرونی منظر — تصویر اویس بن سعید
حاجیہ صوفیہ کا اندرونی منظر — تصویر اویس بن سعید

حاجیہ صوفیہ کا مرکزی ہال — تصویر اویس بن سعید
حاجیہ صوفیہ کا مرکزی ہال — تصویر اویس بن سعید

جب حاجیہ صوفیہ ایک مسجد تھا، اس دور میں استعمال ہونے والا منبر — تصویر اویس بن سعید
جب حاجیہ صوفیہ ایک مسجد تھا، اس دور میں استعمال ہونے والا منبر — تصویر اویس بن سعید

گنبد کے اندرونی حصے میں موجود مسیح کی تمثیلی پینٹنگز سے لے کر اسلامی طرز کی سجاوٹ تک یوں لگا کہ آیا صوفیہ کا مرکزی ہال، ہمیں دنیا کی دو بڑی تہذیبوں کے عروج و زوال کی داستانیں سناتے ہوئے صدیوں پیچھے لے گیا ہو۔ میوزیم کا اندرونی حصہ سنہری روشنی کی طرح چمک رہا ہوتا ہے۔

بسیلیکا سیسترن — تصویر اویس بن سعید
بسیلیکا سیسترن — تصویر اویس بن سعید

اس کے بالکل برابر میں ہی بسیلیکا سیسترن (حوض) ہے جو شہنشاہ جسٹینیان اول نے 6 صدی میں تعمیر کروایا تھا، یہ استنبول کا سب سے بڑا حوض ہے؛ جسے شاہی محل کو پانی کی فراہمی کے لیے بنوایا گیا تھا۔ حالانکہ داخلی حصہ اتنا خاص تو نہیں تھا مگر جب زیر زمین پہنچے تب ہم نے حیرت انگیز بازنطینی تعمیری فن کو دیکھا۔

ایسا کہا جاتا ہے کہ اس کی تعمیر کے لیے 7 ہزار غلاموں کو منتخب کیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک ستون پر قدیم تحریر کے ساتھ آنسؤں کے خاکے بنے ہوئے ہیں جو ان سینکڑوں غلاموں کو خراج پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں جنہوں نے اس کی تعمیر کے دوران اپنی جان گنوائی تھی۔

صوفی دھنوں پر گھومتا ایک درویش — تصویر اویس بن سعید
صوفی دھنوں پر گھومتا ایک درویش — تصویر اویس بن سعید

سورج غروب ہونے کے بعد ہم کچھ مستند ترک کباب کی تلاش میں نیلی مسجد کے برابر میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں گئے۔ گرم گرم کبابوں اور حقوں کے دھوئیں کے درمیان ہم نے صوفی موسیقی پر گھومتے ہوئے ایک درویش کو بھی دیکھا۔ کہتے ہیں کہ گھومنے سے درویش کو روحانی دنیا سے تعلق جوڑنے میں مدد ملتی ہے۔

اگلی صبح، ہم کیفر آغا مدریسیسی گئے جو حاجیہ صوفیہ کے باہر فن کاروں کا ایک شاندار مرکز ہے۔ اس کے پیچھلے حصے میں موجود ایک تنگ راستہ ہمیں توپکاپی محل کے دروازوں تک لے گیا۔

کیفر آغا مدریسیسی کا داخلی حصہ — تصویر اویس بن سعید
کیفر آغا مدریسیسی کا داخلی حصہ — تصویر اویس بن سعید

توپکپی محل — تصویر اویس بن سعید
توپکپی محل — تصویر اویس بن سعید

فتح قسطنطنیہ کے بعد 1478 میں سلطان محمد نے اس محل کو تعمیر کروایا۔ محل کے اوپر سے دیکھنے پر اس کے شمال میں گولڈن ہارن ہے، مشرق کی جانب باسفرس دریا ہے اور جنوب میں بحرہ مرمرہ ہے، یہ محل 4 صدیوں تک سلطنت عثمانیہ کا مرکز بھی رہا۔

حرم سے باسفورس دریا کا ایک خوبصورت نظارہ — تصویر اویس بن سعید
حرم سے باسفورس دریا کا ایک خوبصورت نظارہ — تصویر اویس بن سعید

محل کے حرم کے قریب صحن سے باسفورس کے دلفریب نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔

اس محل کو 1924 میں میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ نمائشی ہالز میں سلطنت عثمانیہ کے دور کی شاہی مصنوعات، شاہی ملبوسات اور اسلام کے مقدس نوادرات کی کلیکشنز موجود ہیں۔ نمائشی ہالز میں تصویر کھینچنا منع ہے۔

توپکاپی محل کے اندر واقع سلطان کے کوارٹرز — تصویر اویس بن سعید
توپکاپی محل کے اندر واقع سلطان کے کوارٹرز — تصویر اویس بن سعید

کمروں کی اندرونی چھتوں پر موجود نقش و نگاری — تصویر اویس بن سعید
کمروں کی اندرونی چھتوں پر موجود نقش و نگاری — تصویر اویس بن سعید

توپکاپی محل میں عثمانی شاہی خاندان کے بیٹھنے کا کمرہ — تصویر اویس بن سعید
توپکاپی محل میں عثمانی شاہی خاندان کے بیٹھنے کا کمرہ — تصویر اویس بن سعید

توپکاپی محل میں اپنا آدھا دن گذارنے کے بعد ہم گلاتا ٹاور کے لیے نکل پڑے۔ 14ویں صدی کا یہ گلاتا ٹاور محل سے 4 کلومیٹر دور گولڈن ہارن کے قریب واقع ہے، جو پتھروں سے بنی ایک 63 میٹر بلند عمارت ہے۔

استنبول میں ٹرام کا مؤثر نظام ٹاور تک پہنچنے کا سب سے بہترین ذریعہ ہے۔ مگر ہم نے دماغ کے بجائے اپنے دل کی سنتے ہوئے پیدل جانے کا فیصلہ کیا۔

پرانے شہر کی ٹیڑھی میڑھی گلیوں سے ڈھلوانوں پر چڑھتے ہوئے ہم گلاتا ٹاور پہنچے جو یورپی طرف کے شمالی حصوں کو جنوبی حصوں سے ملاتا ہے۔ فیروزی باسفورس کے پار جدید شہر کی طرف گھورتی ہوئی یہ قدیم طرز تعمیر آپ کو اس ہل چل سے بھرے شہر کی لا زماں موجودگی کا احساس دلاتی ہیں۔

گولڈن ہارن سے دیکھنے پر گلاتا ٹاور شہر میں سب سے اوپر دکھائی دیتا ہے — تصویر اویس بن سعید
گولڈن ہارن سے دیکھنے پر گلاتا ٹاور شہر میں سب سے اوپر دکھائی دیتا ہے — تصویر اویس بن سعید

گلاتا برج پر ایک ہی سلسلہ جاری رہتا ہے، جہاں مچھلی پکڑنے والے اپنی راڈز کے ساتھ نظر آتے ہیں، لوگ اپنے اپنے کاروبار پر جاتے دکھائی دیتے ہیں، ایشیا اور یورپ کے ساحلوں کے درمیان سفر کرتے بحری جہاز اور اطراف میں موجود عثمانیہ اور رومن دور کے فن تعمیر کا ایک حسین امتزاج بھی نظر آتا ہے۔

گلاتا ضلعے میں موجود یہ سیڑھیاں ٹاور کی جانب لے جاتی ہیں — تصویر اویس بن سعید
گلاتا ضلعے میں موجود یہ سیڑھیاں ٹاور کی جانب لے جاتی ہیں — تصویر اویس بن سعید

برج سے گلاتا ٹاور تک لے جانے والی سیڑھیوں نے ہمارے پیروں کا خوب امتحان لیا۔ جدید گلاتا شہر میں آپ کو کہیں کہیں ترک حمام اور کیفے نظر آئیں گے۔

محلوں کی گلیوں سے گذرتے ہوئے ہم ٹاور کے داخلی حصے تک آ پہنچے جہاں پہلے سے درجنوں سیاح قطار لگائے، انتظار میں کھڑے تھے۔

اوپر موجود تنگ بالکونی کمزور دل والوں کے لیے تو بالکل نہیں ہے مگر یہاں سے شہر کے دلفریب نظارے دیکھنے کا موقع ضرور مل جاتا ہے۔ 63 میٹر کی بلندی سے استنبول کے ماورائی آسمانی منظر میں غروب آفتاب کا نظارہ بلاشبہ دیدنی تھا۔

غروب آفتاب کے وقت پرانے شہر کا ایک وسیع منظر — تصویر اویس بن سعید
غروب آفتاب کے وقت پرانے شہر کا ایک وسیع منظر — تصویر اویس بن سعید

ٹاور کے ٹاپ کیفے میں لذیذ بیف برگرز ہڑپ کرنے کے بعد ہم نے اپنے دن کا اختتام سلطان احمد جانے کے لیے ٹرام پر سوار ہو کر کیا۔

روایتی ترک لیمپس — تصویر اویس بن سعید
روایتی ترک لیمپس — تصویر اویس بن سعید

گرینڈ بازار میں واقع سوئنیرز کی ایک  دوکان — تصویر اویس بن سعید
گرینڈ بازار میں واقع سوئنیرز کی ایک دوکان — تصویر اویس بن سعید

تیسرے دن ہم گرینڈ بازار گئے (جس کا مقامی نام کاپلی کارسی ہے)، جو سووینیئرز اور تحائف پر تھوڑے بہت پیسے خرچ کرنے کی ایک بہترین جگہ ہے۔

ہم اس بازار کی 3000 دکانوں اور 61 سے بھی زائد گلیوں میں پورا دن گھومتے پھرتے رہے۔ بازار میں دیگر اشیاء کے ساتھ مختلف اقسام کے مصالحہ جات، ترک تیل (پرفیوم)، روایتی کپڑے اور سووینئرز بھی دستیاب ہوتی ہیں۔

دوکانداروں کے دعووں کے باوجود یہاں ایک دام والا حساب نہیں ہوتا۔ آپ کو بہترین ڈیل حاصل کرنے کے لیے ایک اچھی گفت و شنید کی ضرورت پڑتی ہے۔

آخری دن ہم نے کروز پر باسفورس کی سیر کرنے کا فیصلہ کیا — جو دونوں براعظموں میں استنبول کے زیادہ تر تاریخی مقامات کو دیکھنے کا ایک آسان اور تیز طریقہ ہے۔

ہم توپکاپی محل کے پیچھے واقع ڈاک پر ایک ڈبل ڈیکر کروز شپ پر سوار ہونے کے لیے شیڈول کے مطابق وقت پر پہنچے، جو ہمیں بحر مرمرہ سے یورپی سائیڈ پر گولڈن ہارن کے ساحلی کناروں تک لے گیا؛ جس کے بعد شمالی یورپی کناروں سے ہوتے ہوئے ہمیں باسفورس کی جانب لے گیا۔ آخر میں یہ ایشائی کناروں سے مشرق کی جانب مڑا اور پھر سے ڈاک پر آ گیا۔

گلاتا برج سے سلیمانیہ مسجد کا نظارہ — تصویر اویس بن سعید
گلاتا برج سے سلیمانیہ مسجد کا نظارہ — تصویر اویس بن سعید

گولڈن ہارن کے داخلی حصے میں ایک شاندار سلیمانیہ مسجد آب و تاب سے کھڑی نظر آتی ہے۔ پورے شہر کی مسجدوں میں سب سے شاندار مسجد ہے۔ اس مسجد کی تعمیر کا حکم سلطان سلیمان نے 1557 میں دیا تھا یہ وہ دور تھا جب سلطنت عثمانیہ اپنے عروج پر تھی۔ یہ مسجد آرٹ کا ایک نادر نمونہ ہے جسے فن تعمیر کے ماہر میمار نے ڈزائین کیا تھا۔

محل استنبول — تصویر اویس بن سعید
محل استنبول — تصویر اویس بن سعید

شمال کی جانب، استنبول کے یورپی حصے کے ساحلی کناروں پر ایک شاہانہ محل استنبول واقع ہے۔ اسے 1856 میں تعمیر کروایا گیا تھا اور 1922 میں سلطنت کے خاتمے تک عثمانی سلطانوں کا نیا گھر رہا۔

اورتاکوی مسجد — تصویر اویس بن سعید
اورتاکوی مسجد — تصویر اویس بن سعید

شمال کی جانب اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے ہم استنبول کے اندرونی حصے سے گذرے جسے عام طور پر استنبول ماڈرن کہا جاتا ہے۔ کروز نے اورتاکوی مسجد سے گذرتے ہوئے اپنا رخ ایشیائی حصے کی جانب موڑا — یہ مسجد 1856 میں عبدالمجید نے تعمیر کر وائی تھی۔

استنبول کا ایشیائی حصہ بھی اتنا ہی تاریخی اور فن تعمیر سے مالا مال ہے۔ ہم بیلربی محل سے گذرے جو کہ ایک دلکش شاہی رہائش گاہ ہے۔ یہ محل گرمیوں کے موسم میں دور عثمانی کے دوران بیرون ملک کے معزیزین کے لیے بطور گیسٹ ہاؤس استعمال ہوتا تھا۔

شہر میں واقع ایشین سٹی کا ایک گاؤں — تصویر اویس بن سعید
شہر میں واقع ایشین سٹی کا ایک گاؤں — تصویر اویس بن سعید

باسفورس سے بیلربی محل کا ایک منظر — تصویر اویس بن سعید
باسفورس سے بیلربی محل کا ایک منظر — تصویر اویس بن سعید

کروز پر موجود ہر شخص سب سے زیادہ میڈنز ٹاور دیکھنا چاہتے تھے — یہ باسفورس کے درمیان ایک جزیرے پر بنا ہوا ایک چھوٹا ٹاور ہے۔

ایسا کہا جاتا ہے کہ ایک شہنشاہ نے اپنی بیٹی کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ ٹاور تعمیر کروایا تھا۔ انہیں کہا گیا تھا کہ شہزادی اپنی 18 ویں سالگرہ پر ایک زہریلے سانپ کے کاٹنے سے مر جائے گی۔ ایسا سننے کے بعد انہوں نے سمندر کے بیچ میں ایک ٹاور تعمیر کروایا اور خشک زمین سے دور اپنی بیٹی کو پانی کے درمیان واقع اس ٹاور میں ٹھہرایا۔ شہزادی کی 18 ویں سالگرہ پر پیش گوئی کے باوجود محفوظ رہنے کی خوشی میں شہنشاہ نے اپنی بیٹی کو پھلوں کی ایک ٹوکری بطور تحفہ بھیجی۔ شہزادی کو اس ٹوکری میں چھپے سانپ نے ہی ڈنک مار دیا اور پیش گوئی کے مطابق ان کی موت 18 ویں سالگرہ پر ہی ہوئی۔

میڈنز ٹاور  — تصویر اویس بن سعید
میڈنز ٹاور — تصویر اویس بن سعید

ہمارے سفر کا اختتام ایک گٹارسٹ کی کانوں میں رس گھولتی دھنوں کے ساتھ ہوا۔ ساحل پر اس کے ساتھ کھڑے ہو کر ہم رنگین غروب آفتاب کے سحر میں گرفتار سے ہو گئے تھے۔ اس کے بعد جا کر میں نے عظیم ترک مصنف اورہان پاموک کے ان لفظوں کو سمجھا:

''تمام زندگی اس قدر بدتر نہیں ہوسکتی، کیوں کہ جیسے بھی حالات ہوں میں باسفورس کے کنارے ایک لمبی واک پر ہمیشہ نکل سکتا ہوں۔''


اویس بن سعید پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینئر ہیں۔ انہیں ہائیکنگ اور فوٹو گرافی کرنا بہت پسند ہے.


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

اویس بن سعید

،اویس بن سعید پیشے سے الیکٹریکل انجینئر ہیں

انہیں ہائیکنگ اور فوٹو گرافی کرنا بہت پسند ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (10) بند ہیں

خلیق سلطان Nov 04, 2016 01:12pm
آپ کا مضمون شاندار ھے. حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہم کے مزار مبارک کی زیارت کی کمی محسوس ھوی. آپ ایوپ سلطان کے نام سے مشہور ھیں. آپ کے ذکر کے بغیر استنبول کی تاریخ ادھوری ھے. شکریہ
محمد بشیر چوھدری Nov 04, 2016 01:24pm
استنبول ایک شہر نہیں ایک سحر کا نام جو اس میں چلا گیا وہ ساری عمر اس کی تاریخ، خوبصورتی اور اس کے سحر میں گم ھو گیا۔ جناب اویس بن سعید نے اتنی پیاری عکاسی کو جب دھیمے دھیمے الفاظ کے ساتھ آپ ڈان پر پیش کیا تو ایسا لگا جیسے آج ھم پھر سے چوتھی دفعہ استنبول کی گلیوں محلوں اور بازاروں میں یادوں کی بارات بن جائیں گے۔ محمد بشیر چوھدری ایتھنز، یونان
مخزن علی Nov 04, 2016 02:36pm
جناب اویس صاحب۔۔۔ استنبول کے متعلق آپکی تحریر معلوماتی ہونے کے ساتھ ساتھ بہت دلچسپ ہے۔ آپ کی ۔ مزید ایسی ہی تحریروں کا انتظار رہے گا
maqsood Nov 04, 2016 03:17pm
very nice visit and information
گامن سچار Nov 04, 2016 06:32pm
چند سطور ترک فوڈ پر بھی ہوجاتیں تو کمی پوری ہوجاتی۔ بہر کیف شکریہ
Qamar Zaman Nov 05, 2016 03:08am
بہت خوب جناب آآپ دل خوش کردیا شکریہ
عدنان جِداکر Nov 05, 2016 12:24pm
بہت اعلیٰ ، اویس اگر آپ Camlija Hills کا تذکرہ بھی کر دیتے توہ سونے پر سہاگہ ہوجاتا۔
Tariq hussain Nov 05, 2016 01:12pm
Dear Awais i like your PIX and article about the Turkey however, this could be more informative if airfare ,hotel cost and cost on taxi given in the tabular form for others. Even then it is informative and pictures are marvelous. Tariq Hussain
Tazeen Hasan Nov 05, 2016 01:40pm
Shandar tasweer. U r an amazing photographer. I have seen istanbul 1000 times in photos but the angle you selected are very unique. Impressed. However, too much Photoshop ping.
نجم حسن Nov 07, 2016 05:00pm
Superb photography....Lovely scenes, nicely chosen places....Marvelous work.