• KHI: Asr 4:16pm Maghrib 5:52pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:08pm
  • ISB: Asr 3:30pm Maghrib 5:08pm
  • KHI: Asr 4:16pm Maghrib 5:52pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:08pm
  • ISB: Asr 3:30pm Maghrib 5:08pm

دورہ انگلینڈ میں عامرکی بھرپورمددکریں گے:اظہر

شائع June 1, 2016
اظہرعلی کے مطابق عامر اب کھلاڑیوں کے ساتھ اچھی طرح گھل مل گئے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
اظہرعلی کے مطابق عامر اب کھلاڑیوں کے ساتھ اچھی طرح گھل مل گئے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے دورہ انگلینڈ میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کی بھر پور مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل اب ماضی کا قصہ بن گیا ہے۔

محمد عامر دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم رکن ہوں گے، 14 جولائی سے شروع ہونے والے دورے میں قومی ٹیم چار ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

محمد عامر کو 2010 میں اسپاٹ فکنسگ کے جرم میں برطانیہ میں مختصرعرصے کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا تاہم گزشتہ سال ان پر عائد پابندی ختم کردی گئی اور انھیں پانچ سال بعد رواں سال جنوری میں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا۔

ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی نے کہا کہ '2010 کا واقعہ اب عامر کے لیے ماضی بن گیا ہے اور اب ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے'۔

انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ میں عامر کے علاوہ اس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باؤلر محمد آصف بھی شامل تھے جنھوں نے غیرقانونی مالی فوائد کے عوض نو بال کرانے کا اعتراف کیا تھا۔

اظہرعلی نے کہا کہ 'اس واقعے کو اب کافی عرصہ گزر چکا ہے اور عامر ہمارے ساتھ اچھی طرح گھل مل گئے ہیں، ان کے لیے ایک دم اس طرح کے دورے میں مشکل پیش آسکتی تھی لیکن ہمارے ساتھ کافی عرصے سے کھیلنے کی وجہ سے اب معاملات ٹھیک ہوچکے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ عامر کی واپسی کا مشکل وقت گزر گیا ہے لیکن یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ انگلینڈ کے اس دورے میں ان پر اضافی دباؤ ہوسکتا ہے۔

ون ڈے کپتان کا کہنا تھا کہ 'میں جانتا ہوں کہ انگلینڈ وہی جگہ جہاں 2010 میں یہ واقعہ پیش آیا تھا لیکن امید ہے کہ وہ اس دباؤ پر اسی طرح قابو کرلیں گے جس طرح پانچ سال بعد کرکٹ میں شاندار واپسی کی تھی'۔

ٹیم کی جانب سے عامر کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پوری ٹیم فاسٹ باؤلر کی مدد کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ' اگر اب وہاں کوئی مسئلہ پیش آیا تو ہم اس سے نمٹ لیں گے، ہمیں ان پر اعتماد ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے'۔

محمد عامر نے 2010 کی سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں اور سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ میں سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل جولائی کے پہلے ہفتے میں دو وارم اپ میچ کھیلے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 28 دسمبر 2024
کارٹون : 27 دسمبر 2024