• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'ہندوستانی میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ'

شائع May 19, 2016

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے حالیہ میزائل تجربات پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ اجلاس میں ہندوستان کی جانب سے حالیہ میزائل تجربات پر پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر امور خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے میزائل تجربات سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ رہا ہے اور ہندوستانی تجربات سے پاکستانی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

مزید پڑھیں: انڈین میزائل تجربہ:'معاملہ عالمی سطح پراٹھائیں گے'

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتا ہے، ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر دفاعی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے ایٹمی ہتھیاروں پر مذاکرات کی پاکستانی دعوت کا جواب نہیں دیا۔

مشیر امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان رواں برس ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک قرار دینے کے لیے قرارداد بھی پیش کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کا اہل ہے'

ایوان بالا نے متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت پر زور دیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہر تین ماہ بعد بلا کر آئینی ذمہ داری پوری کی جائے اور ملک میں آئندہ انتخابات سے قبل مردم شماری کرائی جائے۔

تین روز قبل بھی سرتاج عزیز نے ہندوستان کی جانب سے سپر سونک میزائل کے تجربے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے گا۔

یہ بھی جانیں: ایٹمی، میزائل پیشرفت پرپاکستان،امریکا کو تشویش

واضح رہے کہ سرتاج عزیز کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستان نے کچھ روز قبل بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مقامی طور پر تیار کیے گئے سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ میزائل کا تجربہ 15 مئی کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کیا گیا، سپر سونک میزائل کو ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقے میں عبد الکلام جزیرے پر پوزیشن کیا گیا تھا اور اس نے ٹریکنگ ریڈار سے سگنل ملتے ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

ڈیفنس ریسرچ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) ذرائع کے مطابق ساڑھے 7 میٹر لمبا سپر سونک میزائل نیوی گیشن سسٹم، جدید کمپیوٹر اور الیکٹرو مکینکل ایکٹیویٹر سے لیس ہے، جبکہ اس کا اپنا موبائل لانچر بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کے لیے میزائل کے ساتھ محفوظ ڈیٹا لنک، آزاد ٹریکنگ اور جدید ترین ریڈار کی صلاحیت بھی موجود ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024