باپ کابیماربیٹےکیلئےمصنوعی لبلبہ کا تحفہ
نیو یارک: ماں باپ کا اپنے بچوں سے پیار بے لوث ہوتا ہے، وہ اپنے بچوں کو کسی طرح کی تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے اور کسی بھی طرح اس کی تکلیف دور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
امریکا کے رہائشی تیسری جماعت کے طالب علم اینڈریو سیلابریز کے والدین کا بھی کچھ یہی حال ہے، یہاں تک کہ اس کے والد جیسن سیلابریز نے تین سال کی عمر میں لبلبے کے ناکارہ ہونے کے باعث ذیابیطس کی پہلی قسم کا شکار ہونے والے اینڈریو کی محبت میں اس کے لیے مصنوعی لبلبہ ہی تیار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈریو جب ذیابیطس کا شکار ہوا تو اس کے والدین ہر وہ چیز کرنا چاہتے تھے، جس سے ان کا بیٹا صحتیاب ہوجائے، اسی سلسلے میں سوفٹ ویئر انجینئر جیسن سیلابریز نے اپنا وقت ایک ایسی ڈیوائس کی تیاری کے لیے وقف کرنا شروع کردیا جو اینڈریو کے جسم میں انسولین کی سطح کو ریگولیٹ کرنے میں مددگار ہو۔
دو ماہ کے عرصے بعد وہ ’اوپن آرٹیفشل پینکریاس سسٹم‘ (اوپن اے پی ایس) کے استعمال سے بالاخر ایک ایسا نظام تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے، جس کے ذریعے انسولین پمپ کی مدد سے خون میں موجود گلوکوز کی سطح کو ہر وقت محفوظ لیول تک برقرار رکھا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر کی اجازت کے بعد اب اینڈریو اپنے جسم میں انسولین کی سطح پر نظر رکھنے کے لیے یہ ڈیوائس ہر وقت اپنے ساتھ رکھتا ہے اور اسے اسکول بھی لے جاتا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (3) بند ہیں