• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کیپٹن صفدرکو ڈی سیٹ کرنے کیلئے پٹیشن کافیصلہ

شائع May 16, 2016

اسلام آباد: اب جبکہ وزیراعظم نواز شریف آج بروز پیر قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے بچوں کی آف شور کمپنیوں کا دفاع کریں گے، ان کے داماد رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف جھوٹ بولنے اور اثاثے چھپانے کے الزامات کے تحت ڈی سیٹ کرنے اور فوجداری کارروائی کے آغاز کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں ایک پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کیپٹن صفدر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی مریم صفدر کے اثاثوں کی تفصیلات
کیپٹن صفدر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی مریم صفدر کے اثاثوں کی تفصیلات

ایڈووکیٹ فیصل حسین چوہدری نے ڈان کو بتایا کہ کاغذات نامزدگی اور اپنے اثاثوں اور واجبات کی حالیہ تفصیل کے مطابق کیپٹن صفدر نے اپنی اہلیہ مریم صفدر کی غیر ملکی جائیدادوں کی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا تھا، جن کا انکشاف پاناما پیپر لیکس کے ذریعے ہوا۔

مذکورہ پٹیشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نوابزادہ صلاح الدین سعید، ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے توسط سے دائر کریں گے، جس کے مطابق مریم صفدر لندن میں جائیداد اور آف شور کمپنیوں کی مالک ثابت ہوچکی ہیں۔

مزید پڑھیں:شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف

اس سے قبل الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی اپنی پٹیشن میں صلاح الدین سعید نے کیپٹن صفدر کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی اورسالانہ ٹیکس ریٹرن کی تصدیق شدہ نقول حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

صلاح الدین سعید کے وکیل کے مطابق ریپریزنٹیشن آف پیپلز ایکٹ برائے 1976 کی سیکشن 12 (2) (ف) کے تحت ہر نمائندے کو اپنی اور اپنے اہلخانہ کے تمام اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات مجوزہ فارم پر درج کرنی ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما لیکس: شریف خاندان کا دفاع نہ کرنے پر مریم ناخوش

حال ہی میں مسلم لیگ (ن) کے (ر) جسٹس افتخار چیمہ کو اپنی اہلیہ کے ساتھ شیئر کیے گئے بینک اکاؤنٹ کو ڈکلیئر نہ کرنے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے ذریعے ڈی سیٹ کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے وکیل کا کہنا تھا کہ، 'میرے خیال میں اثاثے چھپانے کا یہ ایک بہت سادہ سا کیس ہے'۔

اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز لیکس کے علاوہ بھی ایک سے زائد مرتبہ مریم صفدر کی والدہ کلثوم نواز شریف اور ان کے بھائی حسین نواز شریف، ان کی جائیدادوں کے حوالے سے بات کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما پیپرز میں پاکستانیوں کے متعلق انکشافات

واضح رہے کہ صلاح الدین سعید کو 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسممبلی کے حلقے این اے 21 میں کیپٹن صفدر نے شکست دے دی تھی۔

کیپٹن صفدر کو مذکورہ انتخابات میں 90،408 ووٹ حاصل ہوئے، دوسرے نمبر پر جمیعت علمائے اسلام کے لئیق محمد خان رہے جنھوں نے 42،980 ووٹ حاصل کیے جبکہ صلاح الدین سعید کو 24،491 ووٹ حاصل ہوئے۔

قانون کے تحت اراکین اسمبلی کو اپنی اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں اور واجبات کا سالانہ ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما لیکس مسلم لیگ کیلئے پریشان کن نہیں

مالی سال برائے 2015 میں جمع کرائی گئی تفصیل میں کیپٹن صفدر نے ایک 48 ہزار سی سی بی ایم ڈبلیو کار کا ذکر کیا جو ان کی اہلیہ کو متحدہ عرب امارات میں کسی کی جانب سے تحفہ دی گئی، انھوں نے مریم صفدر کی ملک میں اور بیرون ملک اور کسی جائیداد کا ذکر نہیں کیا۔

کیپٹن صفدر اسلام آباد، مانسہرہ اور راجن پور میں 4 جائیدادوں کے مالک ہیں، انھوں نے مانسہرہ میں 100 کنال کی زمین اور راجن پور میں 215 ایکڑ کی زمین کی مارکیٹ ویلیو بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں درج نہیں کی۔

یہ خبر 16 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024