• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عرقِ گلاب کی جادوئی خصوصیات

شائع May 15, 2016 اپ ڈیٹ April 1, 2017
یہ ہمارے جسم میں نمی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے جلد نرم اور چمکدار رہتی ہے۔ — کری ایٹو کامنز
یہ ہمارے جسم میں نمی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے جلد نرم اور چمکدار رہتی ہے۔ — کری ایٹو کامنز

گلاب کو پھولوں کا بادشاہ سمجھا جاتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ اس کا استعمال جراثیم سے پاک کرنے اور ڈپریشن سے نجات کے لیے بھی ہوتا ہے۔

اس پھول سے نکلنے والا عرق گلاب جلد کو صحتمند اور دلکش بنانے کا ایک سستا ترین طریقہ بھی ہے۔ عرق گلاب کا استعمال صدیوں سے چلتا آیا ہے اور آج بھی کئی کاسمیٹک مصنوعات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

چونکہ اس میں اینٹی سیپٹک (انفیکشن سے بچانے والا)، اینٹی بیکٹیریئل (بیکٹیریا سے بچانے والا) اور اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات ہیں لہٰذا یہ ہر اقسام کی جلد کے لیے کارآمد ہے۔

یہ ہمارے جسم میں نمی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے جلد نرم اور چمکدار رہتی ہے۔ یہ ہماری جلد کی خشکی ختم کر دیتا ہے اور تمام موسموں کے لیے ایک قدرتی موئسچرائیزر ہے۔

جلد کو نرم و ملائم رکھتا ہے

عرق گلاب کا استعمال ایک قدرتی اور سستے کلینزر کے طور پر ہوتا ہے۔ روئی کو عرقِ گلاب میں ڈبوئیے اور اپنی جلد پر جمی گرد کو صاف کرنے کے لیے نفاست سے ملیے۔ بہتر ہے کہ یہ عمل رات کے اوقات میں کیا جائے۔ اس طرح چہرے پر موجود دن بھر کے جمع میل کے نشان صاف ہو جائیں گے۔

حساس جلد کا خیال کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور کبھی کبھار ان پر کوئی بھی اسکن کیئر مصنوعات کارآمد ثابت نہیں ہوتیں۔ ایسی صورتحال میں عرق گلاب ایک بہتر ٹونر کا کام دیتا ہے۔ صرف جلد پر روئی کی مدد سے عرق گلاب لگائیں؛ اس طرح یہ جلد کی خراش کی کوفت کو کم کر دے گا۔

دو چمچ صندل کا پاؤڈر اور ایک چمچ عرق گلاب کو ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ بنا کر اپنے چہرے پر لگا دیں اور خشک ہونے کے بعد اپنا چہرہ دھو لیں۔ دونوں کا امتزاج جلد کو کافی نرم اور چمکدار کر دیتا ہے۔

عرقِ گلاب کسی ٹانک سے کم نہیں۔ آپ کسی بھی موسم میں باہر جائیں، یا طویل سفر کے بعد گھر واپس آئیں اور اپنے چہرے کو تروتازہ کرنا چاہیں تو اپنے چہرے پر عرق گلاب کے چند قطرے چھڑک دیں۔ اس طرح آپ کی جلد نمی اور قدرتی چمک کے ساتھ ترو تازہ کر دے گی۔

فیس ماسکس آپ کی جلد کی رونق پر نمایاں اثر کرتے ہیں۔ ایک چمچ ملتانی مٹی، دو چمچ عرق گلاب اور لیموں کے رس کے چند قطرے آپس میں ملا لیں۔ اس فیس ماسک کو اپنے چہرے اور گلے پر 15 منٹ کے لیے لگائیں اور پھر عام پانی سے صاف کر لیں۔

چہرے سے جھائیاں ختم کرتا ہے

اگر آپ اپنے چہرے سے چھائیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو عرق گلاب اس کا بہترین علاج ہے۔ دو چمچ بیسن، ایک چٹکی ہلدی اور عرق گلاب کو ملا کر ایک نرم پیسٹ بنا لیں۔ پیسٹ کو اپنے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے بعد چہرے کو پانی سے دھو لیں۔ کوئی بھی چیز آپ کے چہرے کو اس سے زیادہ تر و تازہ نہیں بنا سکتی۔

جہاں تک دانوں اور مہاسوں کے علاج کا تعلق ہے تو عرق گلاب لگانے سے یہ بیکٹیریا کی افزائش کم کر دیتا ہے؛ جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور مہاسوں کا خاتمہ کر دیتا ہے۔

عرق گلاب اور چقندر کا رس ملا کر اپنے ہونٹوں پر روزانہ دن میں دو سے چار بار لگائیں۔ یہ موئسچرائیزر ہونٹوں کو گلابی بنانے اور سیاہ ہونے سے بچانے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔

ہاتھوں کی خشکی دور کرتا ہے

سرف اور بلیچ سے برتن اور کپڑے دھونے سے آپ کے ہاتھ خشکی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ کیا آپ ان گھریلو کاموں کے بعد اپنے ہاتھوں کو نرم و ملائم بنانا چاہتے ہیں؟ تو اپنے ہاتھوں کو نرم ملائم بنانے کے لیے ایک لوشن بنائیں۔

لوشن بنانے کے لیے چار چمچ گلیسرین، چار چمچ لیموں کا رس اور آٹھ چمچ عرق گلاب کو آپس میں ملا دیں۔ مکسچر کو بوتل میں بھر کر رکھ دیں اور کپڑے اور برتن دھونے کے بعد اپنے ہاتھوں پر لگا لیں۔

نیل پالش کا مسلسل استعمال ناخن کے رنگ کو خراب کر دیتا ہے۔ اپنے ناخنوں کی قدرتی چمک واپس لانے کے لیے عرق گلاب اور لیموں کے رس کو برابر مقدار میں ملا کر ناخنوں پر لگائیں۔

آنکھوں کی سوجن ٹھیک کرتا ہے

عرق گلاب آنکھوں کی سوجن ٹھیک کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ روئی کو عرق گلاب میں بھگو کر تھکاوٹ سے چور آنکھوں پر لگائیں۔ اس طرح آپ کو فوری آرام مل جائے گا۔

عرق گلاب سے صرف جلد کی حفاظت کے فوائد ہی حاصل نہیں ہوتے، بلکہ ٹوٹتے بالوں کا علاج کرنے میں بھی مدد ملتی ہے کیونکہ یہ بالوں کا پی ایچ متوازن کرتا ہے۔

عرق گلاب کا ایک اور زبردست فائدہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو ختم کرنا ہے۔ صرف ایک چمچ کھیرے کے جوس میں عرق گلاب ملائیں اور اس کے بعد روئی کو آمیزے میں بھگو کر سیاہ حلقوں پر نفاست سے لگائیں۔

بالوں کو مضبوطی دیتا ہے

اگر آپ کے بال بال سیدھے کرنے والی استری کے کثرت استعمال سے کمزور ہو چکے ہیں تو یہ اس کا بہترین علاج ہے۔ ایک پیالے میں ایک کپ عرق گلاب، دو وٹامن ای کیپسول اور زیتون کے تیل کا آدھا چمچ ڈال کر آپس میں ملا لیں۔ یہ آمیزہ ایک اسپرے بوتل میں انڈیل دیں اور گیلے بالوں پر اسپرے کریں۔

بالوں کے لیے عرق گلاب کے استعمال کا سب سے آسان طریقہ عرق گلاب سے دھونا ہے۔ اپنے بالوں کو حسب معمول شیمپو کریں پھر ایک کپ عرق گلاب سے اپنے بالوں کو دھو لیں۔ اس طرح آپ کے بالوں میں لمبی، دیرینہ خوشبو اور چمک پیدا ہوگی۔

انگلش میں پڑھیں۔

یہ مضمون ڈان اخبار میں 13 مارچ 2016 کو شائع ہوا۔

امبر سلیم
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024