• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن —
بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن —
شائع May 12, 2016

کانز فلم فیسٹیول میں ایشوریا کے 14 سال، متنازع کیوں؟

بولی وڈ کی دلکش اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن طویل عرصے سے کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہورہی ہیں اور اس سال ایک مرتبہ پھر فیسٹیول کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

اداکارہ اس ہفتے آج رات سے شروع ہونے والے کانز فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر کچھ مزید بولی وڈ اداکاراؤں اور لوریل میک اپ برانڈ کی برانڈ ایمبیسیڈرز کے ساتھ نظر آئیں گی۔

کانز کے ریڈ کارپٹ پر ایک طویل عرصے تک موجود ہونے کے باوجود ایشوریا رائے کو فیشن ناقدین کی جانب سے ہر سال شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یہاں ہم نے اداکارہ کے کانز میں پہننے گئے تمام ملبوسات پر ایک نظر ڈالی ہے۔

2002

ایشوریا رائے نے کانز فلم فیسٹیول میں اپنا ڈیبیو سال 2002 میں شاہ رخ خان کے ساتھ کیا تھا، اس وقت یہ دونوں اداکار اپنی فلم 'دیوداس' کی تشہیر کے لیے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ہمراہ یہاں موجود تھے۔

اُس وقت ایشوریا رائے ڈیزائنر نیتا للا کی بنائی ہوئی زرد رنگ کی ساڑھی میں جلوہ گر ہوئیں، ایشوریا کے اس انداز کو بالکل بھی پسند نہیں کیا گیا تھا۔ ناقدین کے مطابق ایشوریا کا یہ انداز ریڈ کارپٹ سے زیادہ کسی شادی کی تقریب کا لگ رہا تھا۔ ایشوریا نے اس دوران کافی بھاری زیور بھی پہنا جس کی وجہ سے انہیں مزید تنقید برداشت کرنا پڑی۔

2003

2003 میں بھی ایشوریا دیکھنے والوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں، اس سال کانز میں ایشوریا کی جانب سے پہننے گئے تمام ملبوسات میں سے کسی ایک نے بھی فیشن ناقدین کا دل نہیں جیتا۔

ایشوریا نے اس سال نہایت مختلف رنگوں کے جوڑے پہنے تاہم نہ تو ان کے جوڑے پسند کیے گئے اور نہ ہی ان کے ساتھ پہنے گئی جیولری۔ یاد رہے کہ اس زمانے میں اداکاراؤں کے لیے فیشن اسٹائلسٹ موجود نہیں تھے، لہذا کچھ غلطیوں کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔

2004

یہ سال بھی ایشوریا کے لیے کانز میں کچھ خاص نہیں رہا۔

ایشوریا نے اس بار پھر سے نیتا للا کا ڈیزائن کردہ گاؤن پہنا، اس لباس کو بھی خاصہ پسند نہیں کیا گیا۔ ناقدین کے مطابق ایشوریا کا یہ جوڑا کانز فلم فیسٹیول کے لیے بالکل مناسب نہیں تھا۔

2005

آخر کار اس سال ایشوریا نے اپنی تیاری سے سب کو حیران کردیا تھا۔

ایشوریا نے اس بار ریڈ کارپٹ پر دو جوڑے پہنے جس میں ایک کالے رنگ کا جبکہ دوسرا سفید رنگ کا گاؤن تھا۔ اداکارہ کے کالے جوڑے کو تو اتنا پسند نہیں کیا گیا البتہ ان کا سفید جوڑا یقیناً ان کا کانز میں اب تک کا سب سے بہترین لباس مانا گیا۔

2006

اس سال ایشوریا باقی سالوں سے نہایت مختلف اور سادہ نظر آئیں، ایشوریا کے ان ملبوسات کو ملا جلا ردعمل موصول ہوا لیکن دیکھنے والوں کا کہنا تھا کہ ایشوریا یقیناً اس سے کچھ بہتر آزما سکتی تھیں۔

2007

اس سال اداکارہ پہلی بار اپنے شوہر ابھیشیک بچن کے ہمراہ ریڈ کارپٹ پر نظر آئیں، ایشوریا نے اس بار سفید رنگ کا دلکش جوڑا تو پہنا لیکن اس کے ساتھ میک اپ کا نہایت غلط استعمال کیا جس سے انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

2008

اس سال ایشوریا نے کئی مختلف رنگوں کا تجربہ کیا، اداکارہ کی جانب سے پہنے جانے والے تمام ملبوسات کو کسی نہ کسی قسم کی کمی سامنے آئی، کہیں ان کے لباس کے رنگ کو پسند نہیں کیا گیا تو کہیں کسی لباس کو ریڈ کارپٹ کے لیے مناسب نہ سمجھا گیا۔

2009

اس سال ایشوریا کے جوڑے کچھ بہتری کی جانب بڑھے۔

اداکارہ نے تین نہایت مختلف انداز کے ملبوسات پہنے جن میں سے دو کو کچھ حد تک پسند کیا گیا تاہم ان کے نیلے رنگ کے جوڑے پر تنقید کی گئی۔

2010

فیشن ناقدین کے مطابق ایشوریا اس بار بھی بہتری کی جانب بڑھیں۔

2010 میں پہننے گئے تمام جوڑوں میں سب سے زیادہ ایشوریا کی ساڑھی کو پسند کیا گیا۔

2011

اس سال ایشوریا کے جوڑے قابل تعریف تو تھے تاہم پھر بھی اداکارہ نے 2 بار ریڈ کارپٹ پر ایک ہی انداز کے جوڑے پہن کر اپنے لیے مشکل کھڑی کردی۔

اس سال ایشوریا کے سنہرے رنگ کے جوڑے کو پسند کیا گیا تھا۔

2012

سال 2012 ایشوریا کی ذاتی زندگی کے لیے بہترین ثابت ہوا لیکن کانز فیسٹیول میں کچھ اور ہی دیکھنے کو ملا۔

ایشوریا کے ماں بننے کے باعث بڑھے ہوئے وزن نے فیشن ناقدین کو ان کی کانز میں اس انداز میں شمولیت پر حیران کردیا تھا تاہم ایشوریا نے ان تمام باتوں پر کان نہ دھرے۔

اس دوران ایشوریا کالے رنگ کے گاؤن اور سفید رنگ کی ساڑھی میں نظر آئیں۔

2013

یہ سال ایک بار پھر کانز میں ایشوریا کے لیے کچھ خاص اچھا نہ رہا۔

اس بار ایشوریا کی جانب سے پہننے گئے تمام جوڑوں کو بالکل بھی پسند نہیں کیا گیا۔ فیشن ناقد بھی ایشوریا کے ان ملبوسات کو دیکھ کر کافی حیران ہوئے تھے۔

2014

ایشوریا رائے ایک مرتبہ پھر ریڈ کارپٹ پر دو بار ایک ہی انداز کے جوڑوں میں جلوہ گر ہوئیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایشوریا کا انداز اس سال نہایت منفرد تھا اور دیکھنے والوں نے ان کی تیاری کی خوب تعریف کی۔

2015

گزشتہ سال ایشوریا تینوں بار نہایت مختلف ملبوسات میں نظر آئیں جن میں ان کے سرخ رنگ کے جوڑے کو سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔

کانز فلم فیسٹیول میں ایشوریا رائے بچن کے زیادہ تر ملبوسات اور اسٹائلز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور شاید اس سلسلے میں ایشوریا کی ایک غلطی یہ ہے کہ وہ نئے اور مختلف ڈیزائنرز سے مشورہ نہیں کرتی۔

اب ہم کیا کہہ سکتے ہیں؟ ہاں لیکن ہم سب کو اس بات کا انتظار ضرور ہے کہ ایشوریا رائے اس بار کانز میں کس انداز میں جلوہ گر ہوں گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad kashif munir bhatti May 13, 2016 03:06am
who cares !!!