• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بلاول کا وزیراعظم سے استعفے کے مطالبہ

شائع April 30, 2016 اپ ڈیٹ April 19, 2017
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوٹلی میں جلسے کے دوران عوام کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوٹلی میں جلسے کے دوران عوام کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

کوٹلی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاناما لیکس کے انکشافات کی تحقیقات سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کوٹلی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پر جب کرپشن کے الزامات لگے تھے تب نواز شریف نے ان سے استفعے کا مطالبہ کیا تھا۔

انھوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'جس طرح آپ نے سید یوسف رضا گیلانی سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا ویسے ہی میں آپ سے استعفے کا مطالبہ کرتا ہوں'۔

بلاول بھٹو زرداری کوٹلی جلسے سے خطاب کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز.
بلاول بھٹو زرداری کوٹلی جلسے سے خطاب کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز.

وفاقی حکومت کی کرپشن کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کو اندازہ ہوگیا ہے کہ ان کی حکومت جانے والی ہے اسی لیے انھوں نے عوامی جلسوں کے ذریعے الیکشن مہم کا آغاز کردیا ہے۔

پی پی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ حکمران جماعت ایک بار پھر دھاندلی کی تیاری کر رہی ہے۔

انھوں ںے پاناما لیکس میں ہونے والے انکشافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے۔

بلال بھٹو زرداری نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'میاں صاحب آپ کا جھوٹ اور دھوکا ظاہر ہوچکا ہے'۔

پی پی کے چیئرمین نے الزام لگایا کہ وزیراعظم ہر معاملے میں تجارتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں، وزیراعظم نواز شریف سیاست نہیں تجارت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ' نواز شریف بزنس مین ہیں، وہ 3 بار وزیراعظم بنے مگر لیڈر نہیں بن سکے'۔

پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'اب خاموش نہیں رہیں گے، پانامالیکس کا پیچھا کریں گے'۔

آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شمکل دی جارہی ہیں— فوٹو: ڈان نیوز.
آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شمکل دی جارہی ہیں— فوٹو: ڈان نیوز.

ہندوستان کی زیر انتظام کشمیر میں انڈین فورسز کے ظلم و ستم پر بلاول بھٹو نے کہا کہ جب تک نہتے کشمیریوں کا قتل بند نہیں ہوگا،دنیا میں امن نہیں آسکتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے کبھی کشمیریوں پر ظلم کی مذمت نہیں کی اور گذشتہ 3 سال میں کسی بھی فورم پر کشمیر پر کھل کر بات نہیں کی گئی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر کو پوری دنیا میں جدوجہد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

کوٹلی کے جلسے کو شہداء کے نام کرتے ہوئے پی پی کے چیئرمین نے کہا کہ 'کشمیر کی سرزمین پر کھڑا ہونا میرے لئے فخر کی بات ہے'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024