ہندوستان کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ: پاکستان کو تشویش
اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے نیوکلیئر صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل کے تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے معاہدے کے تحت تجربے سے پہلے پاکستان کو آگاہ کرنا چاہیئے تھا۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے سمندر کی نیوکلیئرائزیشن کا آغاز کیا ہے جس سے خطے میں ایٹمی اسلحے کی دوڑ کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کومعاہدے کے تحت تجربے سے پہلے پاکستان کو آگاہ کرنا چاہیے تھا، آگاہ نہ کیا جائے تو کوئی بھی ملک میزائل لانچ کو خود پر حملہ تصور کر سکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کل بھوشن کا معاملہ متعلقہ ادارے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن اسے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔
ترجمان دفاتر خارجہ نے 19 اپریل کو افغانستان میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے پرخلوص کوششیں کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے افغان چیف ایگزیکٹیو کو دورے کی دعوت دی تھی تاہم افغانستان نے یہ دورہ ملتوی کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، پاکستان بارہا ملک میں دہشتگردی اور تخریب کاری میں ملوث غیر ملکی ہاتھوں کی جانب توجہ دلاتا رہتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جاپان میں زلزلے سے جانی نقصان پر افسوس ہے۔