• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

شادی لوگوں کی عمر میں اضافے کا باعث؟

شائع April 9, 2016
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— کریٹیو کامنز فوٹو

شادی کا رشتہ خوشی، دکھ اور دیگر جذبات سے نکل کر اپنے اندر کچھ منفرد فوائد اور حقائق بھی چھپائے ہوئے ہوتا ہے جو ہم سب کے سامنے ہوتے ہیں مگر ان کے بارے میں بہت کم لوگوں کو معلوم ہوتا ہے.

جی ہاں ہوسکتا ہے آپ یقین نہ کریں مگر کنوارے افراد کے مقابلے میں شادی شدہ جوڑے زیادہ طویل اور صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

مشی گن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ شادی کینسر، امراض قلب، ڈپریشن اور تناﺅ جیسے عوارض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق شادی سے مردوں میں قبل از وقت موت کا خطرہ 80 فیصد جبکہ خواتین میں 59 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

مگر محققین کا کہنا ہے کہ یہ فائدہ ان جوڑوں کو ہی حاصل ہوتا ہے جن کا تعلق خوش باش انداز میں آگے بڑھتا ہے، اگر دونوں کا تعلق خراب ہوگا تو یہ صحت کے لیے تباہ کن اور مختلف امراض کو دعوت دینے کا باعث بنے گا۔

اس سے قبل سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ شادی سے دوری دماغی صحت کے لیے خطرات بڑھا سکتی ہے۔

22 لاکھ افراد کے طبی ڈیٹا سے مرتب اس تحقیق میں کہا گیا کہ مطلقہ تنہا افراد میں ڈیمینشیا کا خطرہ، شریک حیات کی وفات کا صدمہ سہنے والوں یا کنوارے لوگوں کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 50 سے 74 سال کے افراد کا جائزہ لیا گیا اور جب تحقیق کا آغاز ہوا تو یہ سب افراد ڈیمنشیا کے شکار نہیں تھے۔

تحقیق کے دوران 10 برسوں میں 32 ہزار افراد ذہنی عارضے کا شکار ہوئے اور یہ بات سامنے آئی کہ شادی شدہ افراد کے مقابلے میں تنہا لوگوں میں اس ذہنی عارضے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مرد یا خواتین میں کوئی فرق نہیں اور دونوں کو یکساں خطرے کا سامنا ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ تنہا رہنا جلد یا بدیر ڈیمینشیا کا باعث بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص شریک حیات کے ساتھ رہتا ہے تو وہ تنہائی کم محسوس کرتا ہے اور اسے سماجی معاونت بھی ملتی ہے جس سے منفی ذہنی اثرات جیسے ڈپریشن اور خوف وغیرہ کم ہوجاتے ہیں۔

یہ تحقیق طبی جریدے بی ایم جے اوپن میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024