ڈبلیو ڈبلیو ای کے 2015 میں سب سے زیادہ کمانے والے ریسلرز
ڈبلیو ڈبلیو ای کا سب سے بڑا سالانہ ایونٹ ریسل مینیا 32 اس اتوار کو ہورہا ہے اور ریسلنگ کے پرستار اس کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹیکساس کے لعاقے آرلنگٹن میں ہونے والے اس ایونٹ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اور اس موقع پر امریکی جریدے فوربس نے پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے زیادہ کمانے والے ریسلرز کی فہرست جاری کی ہے۔
اس فہرست میں دس ریسلر کی 2015 کی آمدنی کو شامل کرکے درجہ بندی کی گئی ہے اور یہ سب مل کر 31 ملین ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔
تو یہاں اس فہرست میں شامل ریسلرز کو ان کی آمدنی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
10۔ ڈین امبروز

حالیہ عرصے میں تیزی سے مقبول ہونے والے ریسلر ڈین امبروز (اصل نام جوناتھن گڈ) اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر ہے جنھوں نے 2015 کے دوران 11 لاکھ ڈالرز کمائے۔ کچھ مبصرین رومن رینز کے مقابلے میں انہیں لوگوں میں زیادہ مقبول قرار دیتے ہیں۔
9۔ کین

کین جن کا اصل نام گلین جیکبز ہے، نوے کی دہائی سے ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ ہیں، جو اکثر اپنے بہروپ بدلتے رہتے ہیں کبھی سوٹ بوٹ میں ملبوس ایگزیکٹو سے لے کر ڈیمن فرام ہیل تک اور لوگوں میں انہیں کافی پسند بھی کیا جاتا ہے، 2015 میں وہ 13 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔
8۔ بگ شو

پال ویگٹ المعروف بگ شو نے 2015 میں ڈبلیو ڈبلیو ای سے 15 لاکھ ڈالرز اپنے اکاﺅنٹس میں بھرے، اس عظیم الجثہ ریسلر کو بھی ڈبلیو ڈبلیو ای میں دو دہائیاں ہوچکی ہیں اور کبھی کامیابی کبھی ناکامی جیسا ریکارڈ ہی شائقین کو دیکھنے کو ملتا ہے۔
7۔ انڈرٹیکر

بیس لاکھ ڈالرز کما کر انڈر ٹیکر (مارک کالوے) اس فہرست میں 7 ویں نمبر پر موجود ہیں، طویل عرصے سے ریسلنگ میں سرگرم اس ریسلر کو لیجنڈ قرار دیا جاتا ہے جس کی کامیابیوں کی شرح حیران کن حد تک بہت زیادہ ہے اور اب وہ بہت کم ایونٹس میں رنگ کے اندر نظر آتے ہیں۔
6۔ رومن رینز

اگر یہ کہا جائے کہ رومن رینز (لیاٹی جوزف انوائی) اس وقت مقبول ترین ریسلرز میں سب سے آگے ہیں تو غلط نہیں ہوگا، ڈبلیو ڈبلیو ای بھی رومن رینز کو جان سینا کی جگہ لینے کے لیے تیار کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی آمدنی بھی کافی زیادہ ہے اور اس فہرست میں وہ 21 لاکھ ڈالرز کے ساتھ چھٹے نمبر پر کھڑے ہیں۔
5۔ سیٹھ رولنز

ڈین امبروز اور رومن رینز کے ساتھ شیلڈ کا حصہ رہنے والے کولبی لوپز المعروف سیٹھ رولنز کے لیے 2015 بہترین ثابت ہوا جس میں نہ صرف 220 دن تک وہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن رہے اور متعدد معروف ریسلرز کو شکست دی بلکہ 24 لاکھ ڈالرز بھی اپنے نام کیے اور اس طرح یہ فوربس کی فہرست میں 5 ویں نمبر پر ہیں۔
4۔ رینڈی اورٹن

دی وائپر کے نام سے معروف رینڈی اورٹن گزشتہ سال زیادہ ایکشن میں تو دکھائی نہٰں دیئے اور ریسل مینیا 32 سے بھی انجری کے باعث غائب ہیں جس کے باعث ان کی سالانہ آمدنی متاثر ہوئی ہے جو چند سال پہلے 30 لاکھ ڈالرز سے زائد تھی مگر پھر بھی وہ 2015 میں 27 لاکھ ڈالرز ضرور حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
3۔ ٹرپل ایچ

پال لیویزکیو ٹرپل ایچ کا اصل نام ہے جس سے اکثر لوگ واقف نہیں، اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای کے سی ای او ہونے کے ساتھ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بھی ہیں، ریسلر کی حیثیت سے انہوں نے 2015 میں 17 لاکھ ڈالرز جبکہ اپنے انتظامی عہدے کی بدولت 11 لاکھ ڈالرز کمائے اور مجموعی طور پر 28 لاکھ ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر کھڑے ہیں۔
2۔ بروک لیسنر

دلچسپ بات یہ ہے کہ بروک لیسنر ڈبلیو ڈبلیو ای کے شوز اور ایونٹس میں بہت کم شریک ہوتے ہیں مگر پھر بھی اس وقت رومن رینز اور جان سینا کے ساتھ مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ 60 لاکھ ڈالرز کما کر اس فہرست میں دوسرا نمبر اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
1۔ جان سینا

مگر کوئی بھی ریسلر کمانے کے لحاظ سے جان سینا کا مقابلہ نہیں کرسکتا، یہ وہ ریسلر ہیں جن کی تنخواہ تمام ریسلرز میں سب سے زیادہ ہے، مگر جب وہ کسی وجہ سے ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور ہو تو بھی ان کی مرچنڈائز سیل سے ہونے والی آمدنی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ نہ جیتنے کے باوجود 2015 میں جان سینا 95 لاکھ ڈالرز کما کر اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔
تبصرے (2) بند ہیں