• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'را ایجنٹ کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا'

شائع March 31, 2016

اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہندوستانی نیول افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد مزید ثبوت اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ پی فائیو اور یورپی یونین کے سفیروں کو اس حوالے سے بریف کیا گیا ہے اور تفصیلی دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ یہ معاملہ اقوام متحدہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری نہایت اہم پیشرفت ہے اور پاکستان دنیا کی توجہ ہندوستانی سرکاری اداروں کی تخریبی کارروائیوں کی طرف دلانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن نے اپنے بیان میں پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کے لیے را سے مالی امداد حاصل کرنے کااعتراف کیا ہے اور ایسا ہی ایک بیان ماضی میں افغانستان میں چک ہیگل نے بھی دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر نے را افسر کا اعترافی بیان دیکھا ہے.

'کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد ہندستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا تھا'۔

مزید پڑھیں: 'را' ایجنٹ ہندوستان کا 'سابق فوجی' قرار

نفیس زکریا نے بتایا کہ ہندوستان نے کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی درخواست کی ہے، جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں 'را' کی سرگرمیوں کا معاملہ ایرانی صدر کے ساتھ اٹھایا گیا تھا۔

پاکستان کلبھوشن یادیو اور را کی پاکستان مخالف سرگرمیوں پر ایران سے رابطے میں ہے، ایرانی حکام نے ایرانی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے بلوچستان سے گرفتار ہندوستانی خفیہ ایجنسی 'را' کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات کے حصول اور ان کے ساتھی 'را' ایجنٹ سب انسپکٹر راکیش عرف رضوان کی گرفتاری کے لیے ایران سے تحریری رابطہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے رواں ماہ کے آغاز میں ایران سے بلوچستان میں داخل ہونے والے ہندوستانی نیول افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا تاہم ان کی گرفتاری کو گزشتہ ہفتے اس وقت سامنے لایا گیا تھا جب ایرانی صدر پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈین جاسوس کی مزید معلومات کیلئے ایران سے رابطہ

دو روز قبل اسلام آباد میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے میڈیا بریفنگ کے دوران ہندوستانی را ایجنٹ کے اعترافی بیان کی ویڈیو جاری کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو میں کلبھوشن یادیو نے ہندوستان کے حاضر سروس نیول افسر ہونے اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بلوچستان اور کراچی میں تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں جبکہ ان کا کام بلوچ علیحدگی پسندوں کو رقم اور اسلحہ فراہم کرنا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024