• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

متحدہ کی 'صفائی مہم' 12 روز بعد ہی معطل

شائع March 22, 2016
ایم کیو ایم کا رینجرز پر کارکنوں کی گرفتاری کا الزام — فوٹو/ بشکریہ ایم کیو ایم ویب سائٹ
ایم کیو ایم کا رینجرز پر کارکنوں کی گرفتاری کا الزام — فوٹو/ بشکریہ ایم کیو ایم ویب سائٹ

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے صرف 12 روز بعد ہی کراچی میں شروع کی گئی صفائی مہم معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایم کیو ایم کی طرف سے 10 مارچ کو کراچی میں صفائی مہم شروع کی گئی تھی جسے 10 اپریل تک جاری رہنا تھا، لیکن اس مہم کو صرف 12 روز بعد ہی معطل کر دیا گیا جبکہ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ مہم دوبارہ کب شروع کی جائے گی۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا کہ رابطہ کمیٹی نے رینجرز کے ہاتھوں کراچی میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور منتخب نمائندوں کی گرفتاریوں کے پیش نظر مہم فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم نے اعلامیے میں گرفتار کیے گئے صرف 3 افراد کے نام بتائے ہیں، جن میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا، بلدیہ ٹاؤن کی یو سی 29 کے چیئرمین نادر حسین اور گلستان جوہر سے کونسلر نعمان ملک شامل ہیں۔

اعلامیے میں الزام عائد کیا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ، رینجرز، پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے ایم کیو ایم کو صفائی مہم چلانے سے روکا جا رہا ہے۔

پارٹی کے سینئر رہنما ندیم نصرت نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ بڑی تعداد میں کارکنوں کی گرفتاریوں کے باعث صفائی مہم ملتوی کرنا پڑی اور ایم کیو ایم کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ صفائی مہم کے آغاز کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا تھا کہ شہر کی بہتری کے لیے ایک تیر سے کئی شکار کرنے جا رہے ہیں اور ہر طرح کے 'کچرے' کو اس کی 'آخری آرام گاہ' تک پہنچائیں گے.

یہ بھی پڑھیں : کچرےکو'آخری آرام گاہ'تک پہنچائیں گے،ایم کیو ایم

اس مہم کے اعلان سے چند دنوں قبل ہی ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر اور سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے وطن واپس آ کر متحدہ قومی موومنٹ سے علیحدگی اور 'نئی جماعت' بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایم کیو ایم نے عوام سے رابطوں کے لیے 'صفائی مہم' کا سہارا لیا۔

تجزیہ کاروں کی جانب سے متواتر تنقید کی گئی کہ عوام سے سیاسی ہمدردی کے حصول کے لیے شروع کی گئی اس مہم میں ایم کیو ایم کے کارکنان کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ فاروق ستار اور وسیم اختر کے علاوہ کوئی بھی قابلِ ذکر رہنما مہم میں متحرک نظر نہیں آیا۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی کے میئر کے لیے نامزد کیے گئے وسیم اختر نے دعویٰ کیا کہ رواں ماہ کے دوران 40 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

مختلف مقدمات میں نامزد ایم کیو ایم کے رہنما نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صفائی مہم کو سبوتاژ کیا گیا، اس لیے اسے ملتوی کیا جارہا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024