• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان کی مودی کو 19 ویں سارک کانفرنس میں شرکت کی دعوت

شائع March 17, 2016

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان میں ہونے والی 19 ویں سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔

سرتاج عزیز نے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کو 37 ویں سارک کونسل کے وزرا خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرتاج عزیز اور سشما سوراج کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مختلف دو طرفہ مسائل پر بات چیت کی۔

ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پٹھان کورٹ حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستانی تفتیشی ٹیم 27 مارچ کو ہندوستان کا دورہ کرے گی۔

ہندوستانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس حوالے سے پاکستانی تفتیشی ٹیم کو پہلے ہی ویزے جاری کردیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں ہندوستانی پنجاب میں قائم پٹھان کورٹ ایئر بیس پر حملے کے بعد یہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ پہلی ملاقات ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دونوں رہنماؤں نے ناشتے پر ملاقات کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق سرتاج عزیز اور سشما سوراج نے نیپال کے نائب وزیراعظم کمال تھاپا کی میزبانی میں ناشتے کے دوران سرسری بات چیت کی۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے رات کے کھانے پر بھی بات چیت کی تھی جس کی میزبانی نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولی نے کی۔ دونوں رہنما ایک دوسرے کے قریب بیٹھے تھے اور انھوں ںے اس موقع پر طویل بات چیت کی۔

مزید پڑھیں: ’سشما سوراج سے تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار‘

خیال رہے کہ انہوں نے جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم ’سارک‘ کے وزرائے خارجہ کے 37 ویں اجلاس کے لیے نیپال پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم جلد ہندوستان کا دورہ کرے گی تاکہ رواں سال جنوری میں ہونے والے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔

انھوں نے کہا تھا کہ ان کی سشما سوراج سے ملاقات کا اہم مقصد سارک سربراہ اجلاس کی دعوت دینا ہوگا، لیکن اگر ہندوستانی وزیر خارجہ کسی معاملے پر بات کرنا چاہیں تو بات ہوگی۔

سرتاج عزیز سے جب پوچھا گیا کہ وہ سشما سوراج سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کس حد تک پرامید ہیں، تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد ہی بتایا جاسکتا ہے، تاہم مثبت مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

واضح رہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ہندوستانی وزیر خارجہ کی سارک وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران غیر رسمی ملاقات طے ہے، جس میں سشما سوراج کی جانب سے پٹھان کوٹ ایئربیس کے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ متوقع ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024