ہندوستان: کبڈی کے کھلاڑی کا سرعام قتل
چندی گڑھ : ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں کبڈی کے قومی کھلاڑی کو راہ چلتے ہوئے دن دہاڑے قتل کر دیا گیا۔
ہریانہ میں ضلع روہتک کے ایک گاؤں ریتھال میں کبڈی کے کھلاڑی سکھ ویندر سنگھ کو ان کے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر نشانہ بنایا گیا، واقعے کی ویڈیو ایک گھر پر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی ریکارڈ ہوگئی۔
ہندوستانی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ سکھ ویندر سنگھ شام 7 بجے کبڈی کی پریکٹس کرکے واپس آ رہے تھے جب ایک اسکوٹی (موٹر سائیکل) پر سوار دو افراد نے ان کو نشانہ بنایا۔
سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار پچھلے شخص نے کبڈی کے کھلاڑی کے سینے پر دو گولیاں ماریں جس سے وہ زمین پر گر گئے۔
بعد ازاں موٹر سائیکل سوار دونوں افراد نیچے اترے اور سکھ ویندر سنگھ کو سر پر مزید 2 گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
سکھ ویندر کے اہل خانہ کے مطابق ان کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، اس لیے انہوں نے کسی پر شک کا اظہار بھی نہیں کیا۔
پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
خیال رہے کہ تین ماہ قبل بھی ہریانہ کے ضلع روہتک میں ہی کبڈی کے ایک کھلاڑی دیپک پہلوان کوقتل کیا گیا تھا، ان کو بھی سنسان روڈ پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں