• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

’عافیہ صدیقی کی وطن واپسی ممکن نہیں‘

شائع March 15, 2016
ڈاکٹر عافیہ صدیقی — فائل فوٹو / اے پی
ڈاکٹر عافیہ صدیقی — فائل فوٹو / اے پی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ چونکہ پاکستان کا امریکا کے ساتھ قیدیوں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے، اس لیے حکومت کے لیے عافیہ صدیقی کو واپس لانا ممکن نہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عافیہ صدیقی کی رہائی اور ان کی وطن واپسی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے امریکہ سے درخواست کا فیصلہ

راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا گیا، لیکن پاکستان اور امریکا کے درمیان قیدیوں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہ ہونے کے باعث موجودہ حالات میں ان کی وطن واپسی ممکن نہیں۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو قانونی معاونت بھی فراہم کی گئی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے یہ موقف سامنے آنے کے بعد ہائی کورٹ کے جج جسٹس نور الحق قریشی نے ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی اور طریقہ تجویز کریں۔

یہ ویڈیو دیکھیں : ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا امکان 'روشن'

کیس کی سماعت آئندہ دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت، عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومت کو کوششیں تیز کرنے اور اہلخانہ کی ان سے ملاقات کے انتظامات کی ہدایت کرے۔

درخواست میں عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی تھی کہ وزارت خارجہ، عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو ان کی ذہنی و جسمانی صحت کے حوالے سے وقتاً فوقتاً آگاہ کرے۔

یہ خبر 15 مارچ 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024