پہلا جلسہ کراچی کے باغ جناح میں ہوگا، مصطفیٰ کمال
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے کراچی کے باغ جناح میں جلسے کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
یاد رہے کہ تین مارچ کو مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی اچانک کراچی واپسی ہوئی جس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران 'نئی پارٹی' بنانے کا اعلان کیا گیا۔
بعدازاں متحدہ کے موجودہ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
مزید پڑھیں: 'جلد بتائیں گے قافلے میں کون کون شامل ہے'
ایم کیو ایم کے سابق رہنماؤں نے الطاف حسین پر 'شراب نوشی' اور 'را' سے تعلقات کا الزام عائد کیے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو 'معصوم اور مظلوم' قرار دیتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ ان کی آنکھوں اور ضمیر سے پردہ ہٹ جائے۔
سابق ناظم کراچی نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے ہزاروں افراد نے ان سے رابطہ کیا گیا جبکہ دو لوگوں کا کارواں جلد ملک بھر میں پھیل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر صغیر متحدہ چھوڑ کر مصطفیٰ کمال سےجا ملے
انہوں اپنا اور ان کی 'نئی پارٹی' کے رکن انیس قائم خانی کے حوالے سے کہا کہ وہ سوچ کر آئے تھے کہ مرنے سے پہلے وہ عوام کے سامنے حق و سچ کی بات رکھیں گے اور اس کے بعد سے لوگوں کے رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی بہتری کیلئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں اور اس کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔
مزید جانیں: 'ہم محب وطن لوگ تھے، 'را' کے ایجنٹ ہوگئے'
واضح رہے کہ مصطفی کمال 2005 سے 2009 تک متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی کے نامزد ناظم رہے، ایم کیو ایم نے انھیں 2011 میں سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا تاہم اپریل 2014 میں وہ سینیٹ سے مستعفی ہو گئے اور اس کے بعد سے وہ پارٹی میں مکمل طور پر غیر فعال ہو گئے۔
پاکستان واپسی تک وہ دبئی میں پاکستان کی ایک بہت بڑی ریئل اسٹیٹ کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔